اسلام آباد: گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کو ہلاک کرنے والے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کے بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام ہوگئی اور اس کا نام واچ لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی سے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرون ملک بھاگنے کے پیش نظر ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں شامل کر لیا گیا، ملٹری اتاشی کے حوالے سے ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر امیگریشن حکام کو آگاہ کرتے ہوئے الرٹ کردیا گیا ہے۔ سمندری اور زمینی راستوں پر تعینات بھی امیگریشن حکام کو امریکی ملٹری اتاشی کا نام دے دیا گیا ہے تاکہ وہ فرار نہ ہونے پائے۔

اطلاعات کے مطابق کرنل جوزف نے گزشتہ روز بھی بیرون ملک بھاگنے کی کوشش کی تھی جسے وفاقی پولیس نے ناکام بنا دیا۔ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کے بیرون ملک فرار ہونے کی خبر ملنے پر پولیس نے ائیر پورٹ کا گھیراؤ کرلیا۔  ایئرپورٹ پر پولیس کی موجودگی کی اطلاع پر کرنل جوزف راستے سے واپس چلا گیا۔ کرنل جوزف غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے بیرون ملک فرار ہونا چاہتا تھا اور وفاقی پولیس نے بروقت ملٹری اتاشی کے ایئر ٹکٹ کا سراغ لگا کر فرار کی کوشش ناکام بنادی۔

اسلام آباد پولیس نے کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ملزم ملک سے فرار ہونے کا خطرہ ہے، اس لئے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، ملزم کا پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس بھی کینسل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکرسے نوجوان جاں بحق

واضح رہے کہ دو روز قبل ہفتے کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک سڑک پر امریکی سفارتکار کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔ پولیس ملزم کو گرفتار کرکے تھانے لے گئے جہاں سفارتی استثنیٰ کے باعث اسے چھوڑ دیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات سے پتہ چلا کہ کرنل جوزف نے سرخ سگنل توڑا تھا۔

ایکسپریس نیوز

Comments (0)

There are no comments posted here yet

Leave your comments

Posting comment as a guest. Sign up or login to your account.
0 Characters
Attachments (0 / 3)
Share Your Location
طراحی و پشتیبانی توسط گروه نرم افزاری رسانه