تازہ ترین

اسلام کی حقانیت اور اہل بیت علیہم السلام کی پہچان کا دن،عید مباہلہ

اسلام کی حقانیت اور اہل بیت علیہم السلام کی پہچان کا دن،عید مباہلہ

تحریر:محمد لطیف مطہری کچوروی
مباہلہ کا لغوی معنی ایک دوسرے پر لعن و نفرین کرنے کے ہیں۔ ۱۔جبکہ اصطلاح میں مباہلہ سے مراد دو افراد یا دو گروہ جو اپنے آپ کو حق بجانب سمجھتے ہیں، دونوں ایک دوسرے کے مقابلے میں بارگاہ الہی میں دعا اور نفرین کرتے ہیں کہ خداوند متعال جھوٹے پر لعنت کرے اور جو باطل پر ہے اس پر اللہ کا غضب نازل ہو تاکہ جو حق پر ہے اسے پہچانا جائے۔۲۔
مباہلہ ایک مشہور واقعہ ہے جسے سیرت ابن اسحاق اور اور تفسیر ابن کثیر میں تفصیل سے لکھا گیا ہے۔ فتح مکہ کے بعد پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نجراں کے نصاریٰ کی طرف خط لکھا جس میں اسلام قبول کرنے کی دعوت دی۔جس میں یہ تین چیزیں شامل تھیں ۔اسلام قبول کرو، یا جزیہ ادا کرو یا جنگ کے لیے تیار ہو جاؤ۔ نصاریٰ نجراں نے اس مسئلہ پر کافی غور و فکر کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ ساٹھ افراد پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو حقیقت کو سمجھنے اور جاننے کے لئے مدینہ روانہ ہو۔نجران کا یہ قافلہ بڑی شان و شوکت اور فاخرانہ لباس پہنے مدینہ منورہ میں داخل ہوتا ہے ۔ میر کارواں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گھر کا پتہ پوچھتا ہے، معلوم ہوا کہ پیغمبر اپنی مسجد میں تشریف فرما ہیں ۔

شئیر
35 بازدید
مطالب کا کوڈ: 5494

کارواں مسجد میں داخل ہوتا ہے ۔پیغمبر نے نجران سے آئے افراد کے نسبت بے رخی ظاہر کی ، جو کہ ہر ایک کیلئے سوال بر انگیز ثابت ہوا ۔! آخر کیوں ۔ہمیشہ کی طرح اس بار بھی حضرت علی علیہ السلام نے اس مشکل کو حل کر دیا ۔ آپ نےعیسائیوں سے کہا کہ آپ تجملات اور سونے جواہرات کے بغیر، عادی لباس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو جائیں ، آپکا استقبال ہوگا۔اب کارواں عادی لباس میں حضرت کی خدمت میں حاضر ہوئے ۔ اس وقت پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور انہیں اپنے پاس بٹھایا ۔میر کارواں ابوحارثہ نے گفتگو شروع کی : آنحضرت کا خط موصول ہوا ، مشتاقانہ آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے تاکہ آپ سے گفتگو کریں۔ آپ نے فرمایا:شرک اور الحاد کو چھوڑ کر خدای واحد کے فرمان کو قبول کرکے دین اسلام کو قبول کریں ۔نصایری نجران نے کہا:اگر آپ اسلام قبول کرنے کو ایک خدا پر ایمان لانے کو کہتے ہو تو ہم پہلے سے ہی خدا پر ایمان رکھتے ہیں ۔ آپ نے فرمایا: اگر آپ حقیقت میں خدا پر ایمان رکھتے ہو تو عیسی مسیح کو کیوں خدا مانتے ہو اور سور کے گوشت کھانے سے کیوں اجتناب نہیں کرتے ؟ انہوں نے جواب دیا: اس کےبارے میں ہمارے پاس بہت سارے دلائل ہیں؛ عیسی مردوں کو زندہ کرتے تھے ۔ اندھوں کو بینائی عطا کرتے تھے ، جذام اور برص میں مبتلا مریضوں کو شفا بخشتے تھے ۔آپ نے فرمایا: یہ سب خدای واحد نے انہیں ان اعزازات سے نوازا تھا اس لئے عیسی مسیح کی عبادت کرنے کے بجائے خدا کی عبادت کرنی چاہئے ۔پادری یہ جواب سن کر خاموش ہوا۔ اور اس دوراں کارواں میں شریک کسی اور نے اس خاموشی کو توڑتے ہوا کہا:عیسی، خدا کا بیٹا ہے کیونکہ انکی والدہ مریم نے کسی کے ساتھ نکاح کئے بغیر انہیں جنم دیا ہے ۔
اس دوران اللہ نے اپنے حبیب کو اس کا جواب وحی فرمایا: {إِنَّ مَثَلَ عِيسَى عِندَ اللّهِ كَمَثَلِ آدَمَ خَلَقَهُ مِن تُرَابٍ ثِمَّ قَالَ لَهُ كُن فَيَكُونُ}۳۔عیسی کی مثال اللہ کے نزدیک آدم جیسی ہے کہ انہیں مٹی سے پیدا کیا اور پھر کہا ہو جا اور وہ ہو گیا۔ اس جواب کے بعد خاموشی چھا گئ اور سب بڑے پادری کو دیکھتے رہے اور وہ خود شرحبیل کے کچھ کہنے کے انتظار میں ہے اور خود شرحبیل خاموش سرجھکائے بیٹھا ہے۔آخر کار اس رسوائی سے اپنے آپ کو بچانے کیلئے بہانہ بازی پر اتر آئے اور کہنے لگے ان باتوں سے ہم مطمئن نہیں ہوئےہیں اس لئے ضروری ہے کہ سچ کو ثابت کرنے کے لئے مباہلہ کیا جائے ۔ خدا کی بارگاہ میں دست بہ دعا ہو کے جھوٹے پر عذاب کی درخواست کریں۔ان کا خیال تھا کہ ان باتوں سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ اتفاق نہیں کریں گے ۔ لیکن ان کے ہوش آڑ گئے جب انہوں نے سن لیا:{فَمَنْ حَآجَّكَ فِيهِ مِن بَعْدِ مَا جَاءكَ مِنَ الْعِلْمِ فَقُلْ تَعَالَوْاْ نَدْعُ أَبْنَاءنَا وَأَبْنَاءكُمْ وَنِسَاءنَا وَنِسَاءكُمْ وَأَنفُسَنَا وأَنفُسَكُمْ ثُمَّ نَبْتَهِلْ فَنَجْعَل لَّعْنَةُ اللّهِ عَلَى الْكَاذِبِينَ}۴۔پیغمبر علم کے آجانے کے بعد جو لوگ آپ سے کٹ حجتی کریں ان سے کہہ دیجئے کہ آو ہم لوگ اپنے اپنے فرزند، اپنی اپنی عورتوں اور اپنے اپنےنفسوں کو بلائیں اور پھر خدا کی بارگاہ میں دعا کریں اور جھوٹوں پر خدا کی لعنت قرار دیں۔
روایات کے مطابق جب مباہلہ کی دعوت دی گئی تو نجران کے عیسائیوں کے نمائندے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آئے اور آپ سے مہلت چاہی تا کہ اس بارے میں اپنے بزرگوں سے مشورہ کر لیں ۔ عیسائیوں کے مابین یہ طے پایا کہ اگر محمد{ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم} شور و غل ، مجمع اور داد و فریاد کے ساتھ مباہلہ کے لیے آئیں تو ڈرا نہ جائے اور مباہلہ کر لیا جائے کیونکہ اگر اس طرح آئیں تو پھر حقیقت کچھ بھی نہیں ہے، اور اگر وہ بہت محدود افراد کے ساتھ آئیں بہت قریبی خواص اور چھوٹے بچوں کو لے کر وعدہ گاہ میں پہنچیں تو پھر جان لینا چاہیے کہ وہ خدا کے پیغمبر ہیں اور اس صورت میں ان سے مباہلہ کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ اس صورت میں معاملہ خطر ناک ثابت ہوگا۔
روز مباہلہ کی صبح کو حضرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امیر المؤمنین علی علیہ السلام کے گھر تشریف لے گئے، امام حسن علیہ السلام کا ہاتھ پکڑ لیا اور امام حسین علیہ السلام کو گود میں اٹھایا اور حضرت علی علیہ السلام اور حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے ہمراہ مباہلے کی غرض سے مدینہ سے باہر نکلے۔جب نصارا نے ان بزرگواروں کو دیکھا تو ان کے سربراہ ابو حارثہ نے پوچھا: یہ لوگ کون ہیں جو محمد (ص) کے ساتھ آئے ہیں ؟ جواب ملا کہ: وہ جو ان جو ان کے آگے آگے آ رہے ہیں، ان کے چچا زاد بھائی، ان کی بیٹی کے شریک حیات اور مخلوقات میں ان کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب ہیں، وہ دو بچے ان کے فرزند ہیں، ان کی بیٹی سے اور وہ خاتون ان کی بیٹی فاطمہ ہیں، جو خلق خدا میں ان کے لیے سب سے زیادہ عزیز ہیں۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مباہلے کے لیے دو زانو بیٹھ گئے۔ ابو حارثہ نے کہا: خدا کی قسم ! محمد (ص) کچھ اس انداز میں زمین پر بیٹھے ہیں جس طرح کہ انبیاء علیہم السلام مباہلے کے لیے بیٹھا کرتے تھے، اور پھر پلٹ گیا۔عیسائی افراد نے پوچھا: کہاں جا رہے ہو ؟ابو حارثہ نے کہا: اگر محمد (ص) بر حق نہ ہوتے تو اس طرح مباہلے کی جرات نہ کرتے اور اگر وہ ہمارے ساتھ مباہلہ کریں تو ایک سال گزرنے سے پہلے پہلے ایک نصرانی بھی روئے زمین پر باقی نہ رہے گا۔ایک اورروایت میں بیان ہوا ہے کہ: ابو حارثہ نے کہا: میں ایسے چہرے دیکھ رہا ہوں کہ اگر وہ خدا سے التجا کریں کہ پہاڑ کو اپنی جگہ سے اکھاڑ دے تو بےشک وہ اکھاڑ دیا جائے گا۔ پس مباہلہ مت کرو ورنہ ہلاک ہو جاؤ گے اور حتی ایک عیسائی بھی روئے زمین پر باقی نہ رہے گا۔اس کے بعد ابو حارثہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہا:اے ابا القاسم ! ہمارے ساتھ مباہلے سے چشم پوشی کریں اور ہمارے ساتھ مصالحت کریں، ہم ہر وہ چیز ادا کرنے کے لیے تیار ہیں جو ہم ادا کر سکیں۔ چنانچہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کے ساتھ مصالحت کرتے ہوئے فرمایا کہ انہیں ہر سال دو ہزار حلے (یا لباس) دینے پڑیں گے اور ہر حلے کی قیمت 40 درہم ہونی چاہیے، نیز اگر یمن کے ساتھ جنگ چھڑ جائے تو انہیں 30 زرہیں، 30 نیزے، 30 گھوڑے مسلمانوں کو عاریتا دینا پڑیں گے اور آپ (ص) خود اس ساز و سامان کی واپسی کے ضامن ہونگے۔ اس طرح آنحضرت (ص) نے صلحنامہ لکھوایا اور عیسائی نجران پلٹ کر چلے گئے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس کے بعد فرمایا: اس خدا کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے، کہ ہلاکت اور تباہی نجران والوں کے قریب پہنچ چکی تھی۔ اگر وہ میرے ساتھ مباہلہ کرتے تو بے شک سب بندروں اور خنزیروں میں بدل کر مسخ ہو جاتے اور بے شک یہ پوری وادی ان کے لیے آگ کے شعلوں میں بدل جاتی اور حتی کہ ان کے درختوں کے اوپر کوئی پرندہ باقی نہ رہتا اور تمام عیسائی ایک سال کے عرصے میں ہلاک ہو جاتے۔۵۔
شیعہ ،سنی مفسرین اس بات پر متفق ہیں کہ یہ آیت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ نجران کے نصاری کے مناظرے کی طرف اشارہ کرتی ہے، کیونکہ نصاری (عیسائیوں) کا عقیدہ تھا کہ حضرت عیسی (ع) تین اقانیم میں سے ایک اقنوم ہے، وہ حضرت عیسی علیہ السلام کے بارے میں قرآن کریم کے بیان سے متفق نہیں تھے، جو انہیں خدا کا پارسا بندہ اور نبی سمجھتا ہے۔ ۶
اہل سنت کے مفسرین جیسے: زمخشری، نے اپنی کتاب تفسیر الکشاف، اورفخر رازی نے اپنی تفسیرالتفسیر الکبیر اوربیضاوی نے اپنی تفسیرالبیضاوی میں اور دیگر مفسرین کے مطابق ابناءنا (ہمارے بیٹوں) سے مراد امام حسن علیہ السلام اورامام حسین علیہ السلام ہیں اور ” نسا‏‏ءنا ” سے مراد حضرت فاطمہ زہراء علیہا السلام اور ” انفسنا ” ہمارے نفس اور ہماری جانوں سے مراد حضرت علی علیہ السلام ہیں۔ یعنی وہ چار افراد جو آنحضرت (ص) کے ساتھ مل کر پنجتن آل عبا یا اصحاب کساء کو تشکیل دیتے ہیں۔ اور اس آیت کے علاوہ بھی زمخشری اور فخر رازی، کے مطابق آیت تطہیر اس آیت کے بعد ان کی تعظیم اور ان کی طہارت پر تصریح و تاکید کے لیے نازل ہوئی ہے، ارشاد ہوتا ہے: إِنَّمَا يُرِيدُ اللَّهُ لِيُذْهِبَ عَنكُمُ الرِّجْسَ أَهْلَ الْبَيْتِ وَيُطَهِّرَكُمْ تَطْهِيراً۔۷۔بس اللہ کا ارادہ یہ ہے اے اہل بیت کہ تم سے ہر برائی کو دور رکھے اور اس طرح پاک و پاکیزہ رکھے جو پاک و پاکیزہ رکھنے کا حق ہے۔
تاریخ میں متعدد بار اہل بیت علیہم السلام کی حقانیت کے اثبات کے لیے واقعہ مباہلہ سے استناد و استدلال کیا گیا ہے اور اس واقعے سے استدلال امیر المؤمنین علیہ السلام امام حسن علیہ السلام ،امام حسین علیہ السلام اور باقی آئمہ معصومین علیہم السلام کے کلام میں ملتے ہیں۔ہارون عباسی نے امام کاظم علیہ السلام سے کہا: آپ یہ کیوں کہتے ہیں کہ ہم رسول خداکی نسل سے ہیں حالانکہ رسول خداکی کوئی نسل نہیں ہے، کیونکہ نسل بیٹے سے چلتی ہے نہ کہ بیٹی سے، اور آپ رسول خدا (ص) کی بیٹی کے اولاد ہیں ؟
امام کاظم علیہ السلام نے فرمایا: وَوَهَبْنَا لَهُ إِسْحَقَ وَيَعْقُوبَ كُلاًّ هَدَيْنَا وَنُوحاً هَدَيْنَا مِن قَبْلُ وَمِن ذُرِّيَّتِهِ دَاوُودَ وَسُلَيْمَانَ وَأَيُّوبَ وَيُوسُفَ وَمُوسَى وَهَارُونَ وَكَذَلِكَ نَجْزِي الْمُحْسِنِينَ ۔ وَزَكَرِيَّا وَيَحْيَى وَعِيسَى وَإِلْيَاسَ كُلٌّ مِّنَ الصَّالِحِينَ”۔۸
اور ہم نے ابراہیم کو اسحاق و یعقوب دئیے اورسب کو ہدایت بھی دی اور اس کے پہلے نوح کو ہدایت دی اور پھر ابراہیم کی اولاد میں داؤد،سلیمان،ایوب،یوسف،موسی اور ہارون قرار دئیے اور ہم اسی طرح نیک عمل کرنے والوں کو جزا دیتے ہیں۔اور زکریا،یحیی،عیسی اورالیاس کو بھی رکھا جو سب کے سب نیک کرداروں میں تھے۔
حضرت عیسی علیہ السلام کا باپ کون ہیں ؟ہارون نے کہا: ان کا کوئی باپ نہیں ؟امام (ع) نے فرمایا:پس خداوند متعال نے مریم سلام اللہ علیہا کے ذریعے انہیں انبیاء کی نسل سے ملحق فرمایا ہے اور ہمیں بھی ہماری والدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کے ذریعے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسل سے ملحق فرمایا ہے، امام نے فرمایا: اورجواب دوں ؟ہارون نے کہا: ہاں بولیں،چنانچہ امام علیہ السلام نے آیت مباہلہ کی تلاوت فرمائی اور فرمایا:کسی نے بھی یہ نہیں کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نصاری نجران کے ساتھ مباہلہ کے لیے علی بن ابی طالب، فاطمہ اور حسن و حسین، کے سوا کسی اور کو کساء کے نیچے جگہ دی ہے ! پس آیت میں ہمارے بیٹوں ” ابنائنا ” سے مراد حسن و حسین، ہماری خواتین ” نسائنا ” سے مراد فاطمہ اور ہماری جانوں ” انفسنا ” سے مراد علی بن ابی طالب ہیں۔۹۔پس خداوند نے آیت مباہلہ میں امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کو رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بیٹے قرار دیا ہے اور یہ واضح ترین ثبوت ہے اس بات کہ امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام اور دیگر اہل بیت علیہم السلام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسل اور ذریت ہیں۔
مامون عباسی نے امام رضا علیہ السلام سے کہا: امیر المؤمنین (ع) کی عظیم ترین فضیلت جس کی دلیل قرآن میں موجود ہے، کیا ہے ؟امام رضا علیہ السلام نے فرمایا: امیر المؤمنین علیہ السلام کی فضیلت مباہلہ میں اور پھر آیت مباہلہ کی تلاوت کرتے ہوئے فرمایا:رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام، جو آپ کے بیٹے ہیں، کو بلوایا اور حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کو بلوایا جو آیت میں ” نسائنا ” کا مصداق ہیں اور امیر المؤمنین علیہ السلام کو بلوایا جو اللہ کے حکم کے مطابق ” انفسنا ” کا مصداق اور نفس رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کی جان ہیں اور یہ ثابت ہے کہ کوئی بھی مخلوق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات با برکت سے زیادہ جلیل القدر اور افضل نہیں ہے، پس کسی کو بھی رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نفس و جان سے بہتر نہیں ہونا چاہیے۔ مامون نے کہا: خداوند نے ” ابناء ” کو صیغہ جمع کے ساتھ بیان کیا ہے، جبکہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف اپنے دو بیٹوں کو ساتھ لائے ہیں، ” نساء ” بھی جمع ہے، جبکہ آنحضرت صرف اپنی ایک بیٹی کو لائے ہیں، پس یہ کیوں نہ کہیں کہ ” انفس ” کو بلوانے سے مراد رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اپنی ذات ہے، اور اس صورت میں جو فضیلت آپ نے امیر المؤمنین {ع} کے لیے بیان کی ہے، وہ خود بخود ختم ہو جاتی ہے۔ امام رضا علیہ السلام نے جواب دیا:نہیں، یہ درست نہیں ہے کیونکہ دعوت دینے والا اور بلانے والا اپنی ذات کو نہیں، بلکہ دوسروں کو بلاتا ہے، آمر کی طرح جو اپنے آپ کو نہیں بلکہ دوسروں کو حکم دیتا ہے، اور چونکہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مباہلہ کے وقت علی بن ابی طالب علیہ السلام کے سوا کسی اور مرد کو نہیں بلوایا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ علی علیہ السلام وہی نفس ہیں جو کتاب اللہ میں اللہ کا مقصود و مطلوب ہے اور اس کے حکم کو خدا نے قرآن میں قرار دیا ہے۔۱۰۔
عامر ابن سعد ابن ابی وقاص سعد ابن ابی وقاص سے نقل کرتا ہے کہ: معاویہ نے سعد سے کہا: تم علی پر سب و شتم کیوں نہیں کرتے ہو ؟سعد نے کہا:جب تک مجھے تین چیزیں یاد ہیں میں کبھی بھی ان پر سبّ و شتم نہیں کروں گا اور اگر ان تین باتوں میں سے ایک کا تعلق مجھ سے ہوتا تو میں اس کو سرخ بالوں والے اونٹوں سے زیادہ دوست رکھتا، بعد ازاں سعد ان تین باتوں کا ذکر کرتا ہے اور کہتا ہے کہ: اور تیسری بات یہ تھی کہ جب آیت:فَقُلْ تَعَالَوْاْ نَدْعُ أَبْنَاءنَا وَأَبْنَاءكُمْ وَنِسَاءنَا وَنِسَاءكُمْ وَأَنفُسَنَا وأَنفُسَكُمْ…نازل ہوئی، تو رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے علی، فاطمہ اور حسن و حسین علیہم السلام کو اپنے پاس بلایا اور فرمایا:اللهم هؤلاء اهل بيتي، یعنی خداوندا ! یہ میرے اہل بیت ہیں۔۱۱۔
محمدبن عائشہ سے پوچھا گیا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اصحاب میں سب سے افضل کون ہے ؟ انہوں نے جواب دیا: ابوبکر،عمر، عثمان ،طلحہ اور زبیر ۔ان سے دوبارہ سوال ہوا پھر علی ابن ابی طالب کس درجہ پر فائز ہیں ؟ انہوں نے جواب دیا : تم لوگوں نے اصحاب کے بارے میں سوال کیا تھا نہ اس شخص کے بارے میں جو نفس پیغمبر تھے ۔ اس کے بعد آیت مباہلہ کی تلاوت کی اس کے بعد کہا:پیغمبر اسلامصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اصحاب کس طرح اس شخص کےمانند ہو سکتے ہیں جو نفس پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔۱۲۔اسی طرح احمد ابن حنبل کے بیٹے عبد اللہ نےاپنےباپ سے پوچھا خلفاء کی افضلیت کےبارے میں آپ کا کیا نظریہ ہے ؟ اس نے جواب دیا :ابو بکر ،عمر اور عثمان اسی ترتیب کے ساتھ افضلیت رکھتےہیں ۔عبد اللہ نے دوبارہ پوچھا پھر علی ابن ابی طالب علیہ السلام کس درجے پر فائز ہیں ؟انہوں نے جواب دیا کہ اے بیٹے: علی ابن ابی طالب کا تعلق ایسے خاندان سے ہے کہ کسی کو ان کے ساتھ مقایسہ نہیں کیا جا سکتا ۔۱۳۔
حوالہ جات:
۱۔ الجوہری، اسمعیل بن حماد، الصحاح، 1407۔
۲۔ طبرسی، تفسیر مجمع البیان، ج2، ص 762 تا 761
۳۔آل عمران،۵۹
۴۔ سورہ آل عمران ،۶۱۔
۵۔ الطبرسی، مجمع البیان فی تفسیر القرآن، 1415، ج 2، ص 310
۶۔ توضیحات و واژه نامه از بهاءالدین خرمشاهی، 1376.ذیل آیه مباهله، ص 57
۷۔ احزاب، 33
۸۔انعام،۸۴۔۸۵۔
۹۔ الطباطبائی، محمدحسین، المیزان فی تفسیر القرآن، ص۲۲۹-۲۳۰۔
۱۰۔ المفید، الفصول المختاره، التحقیق: السید میرعلی شریفی، بیروت: دار المفید، الطعبة الثانیة، 1414، ص 38۔
۱۱۔الطباطبائی، محمدحسین، المیزان فی تفسیر القرآن، ذیل آیت 61 آل عمران۔
۱۲۔ البیہقی ،المحاسن ج1 ص 39،الامام الصادق و المذاہب الاربعۃ ،ج1 ،ص 574۔
۱۳۔ طبقات الحنابلۃ ،ج2 ،ص 120 الامام الصادق و المذاہب الاربعۃ ،ج1،ص 575۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

دیدگاهتان را بنویسید

نشانی ایمیل شما منتشر نخواهد شد. بخش‌های موردنیاز علامت‌گذاری شده‌اند *