تازہ ترین

القدس کی پکار پہ لبیک کہتے ہوئے آئی ایس او کے ملک گیر مظاہرے

قبلہ اول پر صہیونی قبضے اور فلسطینی عوام کو اپنے ہی وطن میں دربدر کیے جانے کے خلاف پوری امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔

شئیر
45 بازدید
مطالب کا کوڈ: 109

مملکت خداداد پاکستان میں بھی بیت المقدس پر صہیونیوں کے غاصبانہ قبضے کا درد رکھنے والے حسینی جذبوں کے امین، آئی ایس او کے نوجوان بھی ہر سال ملک گیر مظاہروں کے ذریعے شیطان بزرگ اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔  فرزند امام خمینی، شہید عارف حسین حسینی کے فرمان پر ہر سال کی طرح اس سال بھی 16 مئی کو امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام  ملک بھر میں یوم مردہ باد امریکہ کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پر آئی ایس او راولپنڈی کے زیراہتمام ایک احتجاجی ریلی منعقد کی گئی، جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے امامیہ طلبہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ امام بارگاہ جی سکس ٹو اسلام آباد سے شروع ہونے والی احتجاجی ریلی نیشنل پریس کلب اسلام آباد پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ صوبہ پنجاب کے صدر مقام لاہور میں بھی 16 مئی کو یوم مردہ باد امریکہ ریلی نکالی گئی جو پریس کلب لاہور اور امریکی کونصلیٹ کے سامنے انعقاد پذیر ہوئی۔ ریلی میں خواتین اور مرد حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی ایس او لاہور ڈویژن کے صدر سجیل شمسی، آئی ایس او کے مرکزی رہنما تجمل حسین نقوی اور شہر کے معروف علماء کرام نے خطاب کیا۔ جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے شہر ملتان میں بھی 16 مئی کو یوم مردہ باد امریکہ ریلی منعقد ہوئی جو مسجد الحسین سے شروع ہو کر  مدنی چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ آئی ایس او کی احتجاجی ریلی سے ڈویژنل نائب صدر ملتان ڈویژن قمر علی رضا، مرکزی جنرل سیکرٹری تہور علی اور مرکزی انچارج پروفیشنل ادارہ جات جواد رضا اور ایم ڈبلیو ایم ملتان کے رہنما علامہ اقتدار علی نقوی نے خطاب کیا۔ جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح لیہ میں بھی احتجاجی ریلی منعقد کی گئی جو ہاوسنگ چوک سے شروع ہو کر پریس کلب لیہ پر اختتام پذیر ہوئی۔ اسی طرح کبیروالا میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مقامی یونٹ اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع خانیوال کے زیراہتمام مشترکہ طور پر جامع مسجد جعفریہ خانیوال سے پریس کلب خانیوال تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی سے مقامی رہنماوں مختار حسین، عدیل شاہ اور جواد رضا نے خطاب کیا.

صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں امامیہ طلبہ نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ حیدر آباد میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام  قدم گاہ مولا علی (ع) تا پریس کلب حیدر آباد ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر آئی ایس او پاکستان، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان حیدر آباد ڈویژن کے عہدیداران سمیت اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر نے بھی خطاب کیا۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عرفان نقوی نے کہا کہ امریکی مظالم کیوجہ سے امن کے ساتھ ساتھ دنیا کا نظام تعلیم بھی درھم برھم ہو گیا ہے۔ ڈویژنل جنرل سیکرٹری آئی ایس او حیدر آباد منیر عباس نے کہا کہ اسرائیل کا وجود جب تک ہے تب تک مردہ باد امریکہ کے نعرے لگتے رہیں گے۔ صوبہ سندھ کے علاقے رتو ڈیرو میں بھی 16 مئی کو امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے یوم مردہ باد امریکہ ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی بڑا علم پاک سے شروع ہو کر رتو ڈیرہ پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں شرکاء نے آئی ایس او، حزب اللہ اور فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔

اسی طرح صوبہ سندھ کے صوبائی صدر مقام کراچی میں بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت نمائش چورنگی سے کراچی پریس کلب تک امریکہ مردہ باد امریکہ ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کا آغاز امام بارگاہ شاہِ خراسان سے ہوا جو نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی سے آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علی رضوی، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ صادق رضا تقوی، سابق نائب صدر آئی ایس او کراچی علی محمد، فلسطین فاؤنڈیشن کے مولانا قاضی احمد نورانی، جناب علی اوسط اور جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محمد حسین محنتی نے خطاب کیا۔

شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ 16 مئی وہ دن ہے کہ جب کرۂ عرض پر انسانیت کے خلاف ایک بین الاقوامی سازش کو پروان چڑھایا گیا اور انبیاء کی سرزمین  فلسطین پر بسنے والے مسلمانوں، عیسائیوں اور یہودیوں پر عرصئہ حیات تنگ کر دیا گیا۔ علامہ صادق تقوی کا کہنا تھا کہ قائد شہید علامہ عارف حسینیؒ نے امام خمینی ؒ کے حکم کے مطابق 16 مئی کو یوم مردہ باد امریکہ منانے کا حکم دیا، یہی وجہ ہے کہ آج بھی پاکستان میں فرزندان توحید اس بھیانک ظلم اور تاریخی المیہ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ کراچی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولا قاضی احمد نورانی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے تمام حکمرانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد کو پیدا کریں اور شیطان بزرگ، دشمن اسلام، امریکہ اور اسکے حواریوں سے اظہار برأت کریں۔ کراچی میں ریلی سے اپنے خطاب میں جماعت اسلامی کے رہنما محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں امریکہ اور اسرائیل کے مظالم لوگوں پر آشکار ہو گئے ہیں، امریکی مظالم نے مسلمانوں کی حالت تباہ کر دی ہے اور مسلمان آج بھی اس پر خاموش ہیں۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علی رضوی کا کہنا تھا کہ مسلمان اگر آج بھی اسرائیل کے خلاف متحد نہ ہوئے تو انہیں مزید ظلم و بربریت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا کو غاصب صہیونیوں کا اصل چہرہ دکھانے کے لیے یہ ریلی نکالی، اس کا حکم ہمیں شہید قائد نے دیا اور انکے فرمان پر آئی ایس او نے لبیک کہا، اس عظیم الشان ریلی پر تمام شرکاء ریلی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور سلام پیش کرتا ہوں کے اس گرمی میں انہوں نے ریلی میں شرکت کر کے امریکہ اور اسرائیل سے اظہار بیزاری کیا، ہم رہبر معظم، امام سید علی خامنہ ای سے مربوط ہیں اور دنیا بھر کے مظلومین کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شام کے حالات قابل تشویش ہیں ہم امریکہ کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگر شام میں مقدسات کی توہین بند نہ ہوئی تو امریکی سفارتخانہ ہماری پہنچ سے دور نہیں۔

خیبر پختوںخواة کے صوبائی صدر مقام پشاور میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پشاور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری توحید علوی نے کہا کہ ہم امریکہ کی پاکستان میں مداخلت کو ایک اعلان جنگ سمجھتے ہیں اور اگر حکمرانوں نے امریکہ نواز پالیسیوں کو تبدیل نہ کیا تو عوام ان کا بھی وہی حال کرے گی، جو آج تک دیگر امریکی پٹھوئوں کا ہوا ہے۔ آئی ایس او پشاور ڈویژن کے نائب صدر سید علی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یوم مردہ باد امریکہ اسلئے مناتے ہیں کہ اسرائیل کے قیام میں امریکہ نے اہم کردار ادا کیا۔ پشاور پریس کلب کے سامنے آئی ایس او پشاور ڈویژن کے زیراہتمام مردہ باد امریکہ اور نامنظور اسرائیل ریلی کے اختتام پر امریکہ و اسرائیل سے اظہار نفرت کرتے ہوئے شرکاء ریلی نے دونوں ملکوں کے پرچم نذرآتش کئے۔ پشاور کیطرح کوہاٹ میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام یوم مردہ باد امریکہ ریلی منعقد کی گئی۔ کوہاٹ پریس کلب کے سامنے نکالی گئی ریلی میں امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نظر آتش کیئے گئے۔ ریلی میں آئی ایس او کے مقامی یونٹ سمیت گورنمنٹ پوسٹ گریجوئٹ کالج کوہاٹ اور کوہاٹ یونیورسٹی آف سائینس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔

اسی طرح پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں بھی اسرائیل کے ناجائز وجود کیخلاف امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام امامیہ جامع مسجد سے یادگار شہداء اسکردو تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اسکردو میں ریلی سے آئی ایس او کے ڈویژنل صدر زاہد مہدی، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، شیخ زاہد حسین زاہدی، آصف تیموری، طاہر موسوی اور آغا الطاف موسوی نے خطاب کیا۔ خیبر پختوںخواہ، سندھ، شمالی علاقہ جات اور پنجاب کے علاوہ میرپور آزاد کشمیر میں بھی 16 مئی کو یوم مردہ باد امریکہ کے موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام احتجاجی ریلی بعد نماز جمعہ جامع مسجد امامیہ سے چوک شہیداں تک نکالی گئی۔ ریلی کے اختتام پر ڈویژنل صدر جموں اسد عباس بخاری نے خطاب کیا۔ دیگر مقامات کی طرح میر پور میں بھی کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کے علاوہ اسکولوں میں پڑھنے والے إٓئی ایس او کے محبین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، ریلی سے خطاب کرنے والے مقررین میں ایم ڈبلیو ایم اور امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے رہنما بھی شامل تھے۔

آئی ایس او کے زیراہتمام منعقد ہونے والی احتجاجی ریلیوں میں  امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ تمام شہروں میں مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل اور امریکہ کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہروں سے خطاب کرنے والے مقررین کا کہنا تھا کہ سولہ مئی، تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب امریکہ سمیت دیگر مغربی ممالک نے عالم اسلام کے قلب میں خنجر گھونپتے ہوئے اسرائیل کی ناجائز ریاست تسلیم کیا، وہ دن دور نہیں جب اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا، اگر عرب ممالک کے عوام جاگ جائیں اور امریکی زرخرید غلاموں سے چھٹکارا حاصل کر لیں تو فلسطین کو نہ صرف آزادی نصیب ہو سکتی ہے بلکہ اسرائیلی ناجائز ریاست کا خاتمہ بھی ممکن ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا وہ عالمی سطح پر فلسطین کی آزادی کی خاطر اپنا سفارتی کردار ادا کرے۔ ریلیوں کے اختتام پر امریکہ اور اسرائیل کے پرچموں کے ساتھ دونوں ممالک کے تابوت بھی نذر آتش کئے گئے۔

 

 

 

این مطلب بدون برچسب می باشد.

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

دیدگاهتان را بنویسید

نشانی ایمیل شما منتشر نخواهد شد. بخش‌های موردنیاز علامت‌گذاری شده‌اند *