جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر اور جنرل سیکرٹری کا مشہد مقدس کا زیارتی دورہ؛ تجلیلی نشست میں شرکت*
جامعہ روحانیت بلتستان کے مرکزی صدر علامہ شیخ علی نقی جنتی، جنرل سیکرٹری محمد سجاد شاکری، اور معروف شاعر کاچو یوسف دانش نے مشہد مقدس کے ایک خصوصی دورے کے دوران علمی، دینی اور ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت کی۔ اس دورے کا اہم محور مشہد مقدس میں مقیم بلتستانی طلباء و علماء کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانا اور جامعہ روحانیت بلتستان شعبہ مشہد کی جانب سے منعقدہ پروگراموں میں شرکت تھا۔
دورے کے دوران جامعہ روحانیت بلتستان کے شعبہ مشہد مقدس اور حلقہ علم و ادب مشہد کی جانب سے معروف عالم دین سید سجاد اطہر موسوی کے اعزاز میں ایک پرشکوہ تجلیلی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں علامہ شیخ علی نقی جنتی، محمد سجاد شاکری، اور کاچو یوسف دانش نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مشہد مقدس میں مقیم بلتستانی علماء، جامعۃالمصطفی کے نمایندگان، اور دفتر قائد ملت جعفریہ کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔
نشست میں مقررین نے سید سجاد اطہر موسوی کی دینی، علمی اور ثقافتی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر شیخ علی نقی جنتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حوزہ علمیہ نجف، قم اور مشہد سے فارغ التحصیل علمائے بلتستان، پاکستان کے مختلف علاقوں میں دین کی تبلیغ میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے اپنی گفتگو فارغ التحصیل علمائے کرام کی اہم ذمہ داریوں اور روشمند تبلیغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جبکہ کاچو یوسف دانش نے اپنے خصوصی کلام کے ذریعے محفل کو ادبی رنگ بخشا۔
جامعہ روحانیت بلتستان شعبہ مشہد کے نائب صدر ڈاکٹر نذیر مدبری نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں کئی علماء کی خدمات کو رسمی طور پر سراہا نہ جا سکا، لیکن اب جامعہ روحانیت کی کوشش ہوگی کہ سابقہ فضلاء کرام کو بھی اعزازات سے نوازا جائے۔ اور آئندہ فارغ التحصیل ہونے والوں کے لئے بھی ایسی تقریبات برگزار کی جائے۔
تقریب کے اختتام پر سید سجاد اطہر موسوی کو جامعہ روحانیت بلتستان شعبہ مشہد، حلقہ علم و ادب، اور گوہر نایاب پروڈکشن کی جانب سے لوح تقدیر پیش کی گئی۔
دیدگاهتان را بنویسید