جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر کا شگر اور گمبہ سکردو کا دورہ*
17 مارچ 2025 کو جامعہ روحانیت کے صدر، حجت الاسلام المسلمین شیخ علی نقی جنتی نے وفد کے ہمراہ شگر اور گمبہ سکردو کا دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد حال ہی میں جبری گمشدگی کے بعد رہا ہونے والے علمائے کرام سے ملاقات کرنا اور ان کی خدمات کو سراہنا تھا۔
شیخ علی نقی جنتی نے سب سے پہلے شگر میں واقع جامعہ سجادیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مکتب علمائے اہلبیت شگر کے صدر، شیخ مظاہر حسین شگری، اور حال ہی میں رہا ہونے والے عالم دین شیخ اختر شگری سمیت دیگر علمائے کرام سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران شیخ اختر حسین شگری نے جامعہ روحانیت کے صدر اور دیگر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کی بلاجواز گرفتاری کے خلاف آواز اٹھائی۔ شیخ رستم علی اور شیخ کاشف حسین نے شگر میں علمائے کرام کی تبلیغی سرگرمیوں اور ان کے مسائل سے آگاہ کیا۔
صدر جامعہ روحانیت بلتستان نے سب سے پہلے شیخ اختر شگری کی آزادی پر انہیں مبارک باد دی۔ اس کے بعد شگر میں علمائے کرام کی تبلیغی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوسرے مرحلے میں شیخ علی نقی جنتی نے گمبہ سکردو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جبری گمشدگی کے بعد رہا ہونے والے دوسرے عالم دین، شیخ غلام عباس ناصری (المعروف شیخ رضا ناصری) سے ملاقات کی۔ شیخ ناصری کی باعزت رہائی پر انہیں مبارک باد دی، شیخ ناصری نے اپنی بازیابی کے لیے آواز اٹھانے پر تمام جامعہ روحانیت کے صدر سمیت دیگر علمائے کرام اور طلاب کا شکریہ ادا کیا۔
شیخ علی نقی جنتی کے اس دورے نے علاقے کے علمائے کرام اور عوام کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے علمائے کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس سے علاقے میں مذہبی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔
این مطلب بدون برچسب می باشد.
دیدگاهتان را بنویسید