تازہ ترین

حجۃ الاسلام والمسلمین علی نقی جنتی ”زید عزہ”

جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نقی جنتی کا شمار بلتستان کے جوان اور سرگرم علماء میں ہوتا ہے۔ آپ اس وقت جامعہ المصطفی العالمیہ قم میں سطح 4 میں مشغول تحصیل ہیں۔ اور ساتھ ہی بلتستان میں تبلیغ، تدریس اور خدمت خلق کی خطیر ذمہ داریاں بھی ادا کر رہے ہیں۔ 
شئیر
89 بازدید
مطالب کا کوڈ: 10379

جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نقی جنتی کا شمار بلتستان کے جوان اور سرگرم علماء میں ہوتے ہیں۔ آپ اس وقت جامعہ المصطفی العالمیہ قم میں سطح 4 میں مشغول تحصیل ہیں۔ اور ساتھ ہی بلتستان میں تبلیغ، تدریس اور خدمت خلق کی خطیر ذمہ داریاں بھی ادا کر رہے ہیں۔

ابتدائی زندگی

حجۃ السلام والمسلمین علی نقی جنتی 6 مئی 1985 کو سکردو بلتستان کے نواحی علاقہ کواردو کے محلہ حیدر آباد میں ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم کواردو میں ہی حاصل کی۔ پرائمری اسکول کھر آپ کا ابتدائی مہد علم شمار ہوتا ہے۔ اسی دوران انہوں نے مولانا شیر علی سے قرآن مجید کی تعلیم بھی حاصل کی۔ وہاں سے فارغ ہونے کے بعد مزید تعلیم کے لئے انہوں نے ہائی اسکول کواردو میں داخلہ لیا۔ جہاں مختلف اساتید سے استفادہ کیا۔ دینی تعلیم کے ساتھ شدید لگاؤ کی بنا پر 1999 میں جامعہ بہبہانیہ شگر خاص میں داخلہ لیا جہاں امام جمعہ کواردو شیخ اسماعیل نجفی، شیخ محمد علی ممتازؒ (فاضل لکھنو) اور شیخ غلام رسول شاکری سے کسب فیض کیا۔ ادبیات عرب اور ابتدائی دینی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 2001 کے اواخر میں مزید تعلیم کے لئے انہوں نے جامعہ محمدیہ مہدی آباد کا رخ کیا۔ جامعہ محمدیہ میں ادبیات، منطق، اصول اور فقہ کے مختلف ادوار گزارنے کے بعد 2004 میں فارغ التحصیل ہوئے۔ اس دوران بلتستان کے معروف عالم دین شیخ یوسف کریمی، شیخ رضا مظفری، سید اکبر شاہ رضوی اور شیخ ابراہیم بہشتی جیسے علمی شخصیات سے کسب فیض کیا۔

حوزہ علمیہ قم کا سفر

جامعہ محمدیہ مہدی آباد سے فارغ ہونے کے بعد 2005 میں اعلیٰ دینی تعلیم کے حصول کے لئے حوزہ علمیہ قم ایران کا سفر کیا۔ جہاں پر المصطی انٹرنیشنل یونیورسٹی میں داخلہ لیتے ہی مدرسہ المہدی میں فارسی زبان کی کلاسیں شروع ہوگئی۔ 6 ماہ فارسی زبان اور ادبیات سیکھنے کے بعد فقہ اور اسلامی تعلیمات میں ماسٹر کے لئے مدرسہ حجتیہ میں داخلہ لیا۔ اس دوران آپ نے مختلف اساتید اور علمائے کرام سے کسب فیض کیا۔ ایم فل کی تعلیم کے لئے آپ جامعہ العلوم منتقل ہوئے جہاں چار سال میں اسلامی معارف، علم فقہ اور علم کلام میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔ آپ نے ایم فل کی تھیسز کے طور پر آیت اللہ جعفر سبحانی کی کتاب ”توحید اور شرک کے حدود” کا اردو ترجمہ کیا۔ اور اس وقت سطح 4 میں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مشغول ہیں۔

حوزہ علمیہ قم میں حصول علم کے دوران آپ کو آیت اللہ تقی مجتہدی، آیت اللہ مصطفی محامی، حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر عباسی اور آیت اللہ جواد فاضل لنکرانی جیسے عظیم علمی اور فکری شخصیات کی خدمت میں زانوئے تلمذ تہہ کرنے کا شرف ملا۔

علمی و ثقافتی خدمات

آپ قم میں قیام کے دوران مختلف علمی اور ثقافتی سرگرمیوں میں شغول رہے اور دوران سفر پاکستان کے مختلف شہروں خاص طور پر بلتستان میں تبلیغی، تعلیمی، ثقافتی اور خدمت خلق کی ذمہ داریاں بطور احسن انجام دیتے رہے۔ آپ کئی بار حسینیہ بلتستانیہ قم کی اجرائی کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ مرکز تحفظ اقدار اسلامی کواردو کے بانی اور کئی سال صدر کے طور پر خدمت انجام دیتے رہے۔ بلتستان کے معروف اور مایہ ناز دینی تعلیمی ادارہ جامعہ طوسی بلتستان میں بھی تدریس اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھی مشغول رہے ہیں۔ جامعہ روحانیت بلتستان اور مجمع طلاب سکردو کے مختلف ادوار میں متعدد ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔ حال ہی میں آپ موسسہ کریمہ اہل بیت کے بانی صدر اور مجمع طلاب سکردو کے نائب صدر اور جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر ہیں۔

خدمت خلق

موسسہ کریمہ اہل بیت کی بنیاد رکھنے کے بعد آپ بلتستان بھر میں خاص طور پر کواردو میں محتاج اور ضرورت مند مومنین کی مالی امداد، گھروں کی تعمیر، مساجد و امام بارگاہوں کی تعمیر جیسے عظیم خدمات میں مصروف ہیں اور ساتھ ہی ساتھ پینے کے پانی سے محروم لوگوں کے لئے ہینڈ پمپ لگا کر سیراب کرنے کا عظیم کارنامہ انجام دے رہے ہیں۔ خدمت کے اسی جذبے کے تحت آپ نے مقامات مقدسہ کی زیارت کے اشتیاق رکھنے والے مومنین کی آسانی اور خدمت کے لئے کاروان سفر عشق کی بھی بنیاد رکھی اور اب تک کئی بار اپنی قیادت میں مومنین کو مقامات مقدسہ کی زیارت کے لئے لے کر گئے ہیں۔

جامعہ روحانیت کی صدارت

11 اکتوبر 2024 کو قم میں مقیم بلتستانی طلاب کی اکثریت نے انہیں دو سال کے لئے جامعہ روحانیت بلتستان کی صدارت کے لئے انتخاب کیا۔

 

دیدگاهتان را بنویسید

نشانی ایمیل شما منتشر نخواهد شد. بخش‌های موردنیاز علامت‌گذاری شده‌اند *