حق کو حق اور باطل کو باطل کہنا ہی شہادت عظمیٰ کا سبق ہے، صدر ممنون حسین
حق کو حق اور باطل کو باطل کہنا ہی شہادت عظمیٰ کا سبق ہے، صدر ممنون

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ شہادت عظمیٰ کا سبق یہ ہے کہ انسان حق کو حق اور باطل کو باطل کہنے کا حوصلہ پیدا کرے۔
صدر مملکت ممنون حُسین نے یوم عاشور پر قوم کے نام اپنے پیغام کہا ہے کہ شہادت امام حسین (ع) کی عظیم قربانی سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی ملتی ہے، شہادت عظمیٰ کا سبق یہ بھی ہے کہ انسان حق کو حق اور باطل کو باطل کہنے کا حوصلہ پیدا کرے، ہمیں یہ عہد کرنا ہو گا کہ اپنے انفرادی اور اجتماعی معاملات خاندانِ رسالت (ص) کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انجام دیں گے۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا یوم عاشور ہر سال اسلامی تاریخ کے اس لازوال واقعے کی یاد دلاتا ہے جب نواسہ رسولؐ نے حق اور باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دیکر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا، کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کر دیا کہ حق لازوال جبکہ باطل مٹنے کیلیے ہے۔ حضرت امام حسین(ع) کو نہ تو ملک گیری کی ہوس تھی اور نہ ہی وہ ذاتی اقتدارکے خواہاں تھے بلکہ انکا مشن دین اسلام کی حفاظت وسربلندی اور ظلم وجبرکیخلاف حق کا علم بلند کرنا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہم اسوہ شبیری(ع)پر عمل کرتے ہوئے باہمی اختلافات، تنگ نظری اور فرقہ واریت کو بھلا کر اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے ذریعے اپنی تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں، شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انسانیت کی بھلائی کیلیے خود کو وقف کر دیں۔
گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا تاریخِ انسانیت میں حق اور سچائی کا حُسن حضرت امام حسین (ع)کی شہادت کا مرہونِ منت ہے، شہدائے کربلا نے مظلوم انسانیت کو ظلم وجبر کیخلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ اور حق نوائی کا بے مثال درس دیا۔
پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری نے کہا عوام ظلم اور ناانصافی کیخلاف مزاحمت کیلئے امام حسین(ع) کی پیروی کریں، آج ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ظالم کیخلاف آخری دم تک لڑیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا حضرت امام حسین(ع)کی شہادت تمام مسلمانوں کو یہ پیغام دیتی ہے کہ ہر حالت میں حق وصداقت کا پرچم سربلند رکھیں، ظلم کے سامنے کبھی سرنگوں نہ کیا جائے اور باطل قوتوں اور ناانصافی کو قبول نہ کیا جائے۔
دیدگاهتان را بنویسید