اقتصادی تعاون تنظیم كے 13 ویں سربراہی اجلاس میں منظور كیے گئے مشتركہ اعلامیہ میں كہا گیا ہے كہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) كے ركن ممالك كے سربراہان مملكت و حكومت نے 13 ویں سربراہی اجلاس میں ای سی او پروگراموں اور منصوبوں پر عملدرآمد میں پیشرفت كی صورتحال كا جائزہ لیا اور ای سی او خطے كے مشتركہ مفاد كے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال كیا گیا۔ سربراہی اجلاس كے شركاء نے قرار دیا كہ وہ ای سی او خطے میں اقتصادی ترقی، مشتركہ خوشحالی، علاقائی اتحاد اور امن و استحكام کے لیے تنظیم كے اہداف و مقاصد كو عملی شكل دینے کے لیے اپنی سیاسی خواہش اور مضبوط عزم كا اعادہ كرتے ہیں۔ ای سی او اعلامیے میں كہا گیا ہے كہ تنظیم كی ركنیت سازی میں توسیع كی سلور جوبلی مكمل ہونے سے ترقی کے لیے علاقائی تعاون بڑھانے كے امكانات كا ایك نیا دور شروع ہوا ہے۔
