صدر جامعہ روحانیت بلتستان کی آغا علی رضوی اور اپوزیشن لیڈر سے ملاقات
صدر جامعہ روحانیت بلتستان حجتالاسلام شیخ علی نقی جنتی کی قیادت میں وفد نے بلتستان کے ممتاز اور جید دینی، سماجی و سیاسی شخصیات سے ملاقات کیں، جن میں تعلیمی سرگرمیوں، عوامی مسائل کے حل اور اسلامی اقدار کے تحفظ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے صدر حجتالاسلام شیخ علی نقی جنتی نے وفد کے ہمراہ سکردو میں مجلس وحدت مسلمین (MWM) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پارٹی کے مرکزی رہنما حجت الاسلام آغا علی رضوی اور اپوزیشن لیڈر کاظم میثم سے ملاقات کی۔ اس نشست میں دینی، سماجی اور تعلیمی امور پر جامع تبادلہ خیال ہوا، جس میں درج ذیل نکات نمایاں رہے:
1۔ آغا سید علی رضوی نے جامعہ روحانیت بلتستان کے تبلیغی و تعلیمی مشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ معاشرے میں دینی اقدار کی نشرواشاعت کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے جامعہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
2- انہوں نے مبلغین کے لیے عارضی رہائش کے انتظامات کا اعلان کیا، تاکہ تبلیغی سرگرمیاں مزید موثر طریقے سے جاری رکھی جا سکیں۔
3- آغا علی رضوی نے موجودہ دور کے فکری و اعتقادی چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے زور دیا کہ نوجوان علماء کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی جائے، تاکہ وہ معاشرے میں پھیلنے والے گوناگوں نظریات اور شبہات کا مدلل اور علمی جواب دے سکیں۔
جامعہ کے صدر شیخ علی نقی جنتی نے آغا علی رضوی کی عوامی حقوق کے حصول کے لیے بے لاگ جدوجہد اور واضح موقف کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ دینی قیادت کا عوام کے ساتھ مضبوط تعلق معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ ہے۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر جناب کاظم میثم نے جامعہ روحانیت کی سرگرمیوں کو سماجی یکجہتی اور امن کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ دینی و سماجی اداروں کے درمیان باہمی تعاون سے علاقے میں استحکام کو فروغ ملے گا۔
دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دینی تعلیمات کی اشاعت، عوامی بہبود اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے جامعہ روحانیت اور علاقائی قیادت کے درمیان مستقل تعاون جاری رہے گا۔ یہ ملاقاتیں دینی و سماجی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہیں۔
دیدگاهتان را بنویسید