علمائے کرام کی آزادی پر جامعہ روحانیت بلتستان کی طرف سے تبریک و تشکر
جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کی طرف سے بلتستان کے عوام، علمائے کرام، طلباء، اور تمام دردمند افراد کی خدمت میں پیغام تبریک کے ساتھ عرض ہے۔حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ غلام عباس ناصری (المعروف: شیخ رضا ناصری)، حجۃ الاسلام والمسلمین سید علی عباس رضوی، اور حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ اختر شگری کی جبری گمشدگی کے واقعے کے بعد، بلتستان کے عوام نے اپنے اتحاد، استقامت، اور پرامن احتجاج کے ذریعے یہ ثابت کر دیا کہ عوامی تحریک اور اجتماعی آواز کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ ان تینوں شخصیات کی رہائی پر ہم سب کو انتہائی خوشی اور اطمینان ہے۔ام
ہم ان *تینوں بزرگ علمائے کرام* ، ان کے خاندانوں، اور بلتستان کے غیرت مند عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ خاص طور پر، کھرمنگ، شگر، اور گمبہ سکردو کے دھرنوں میں شرکت کرنے والے جوانوں، بزرگوں، بچوں، خواتین، اور علمائے کرام سبھی کے لئے یہ مبارکباد کا پیغام ہے۔ آپ سب نے اپنے عزم، استقامت، اور اتحاد سے یہ ثابت کر دیا کہ عوامی تحریک اور پرامن احتجاج کے ذریعے ہر جائز مطالبہ تسلیم کروایا جا سکتا ہے۔
اس واقعے نے بلتستان کے عوام کے لئے یہ بات واضح کر دی ہے کہ اتفاق و اتحاد کے ساتھ چلنے والی عوامی تحریک کامیابی کی ضامن ہوتی ہے۔ بلتستان کے عوام، علمائے کرام، اور طلباء ہمیشہ پرامن، محب وطن، اور مسالمت آمیز رہے ہیں۔ لہٰذا، مقتدر حلقوں کو بھی ان کے جائز حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔
ایک دفعہ پھر، ہم مذکورہ شخصیات، ان کے خاندانوں، اور بلتستان کے باغیرت عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اتحاد، امن، اور انصاف کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
دیدگاهتان را بنویسید