ڈاکٹر زاہد علی زاہدی اور ڈاکٹر سجاد رئیسی کا قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے دفتر کا دورہ
ڈاکٹر زاہد علی زاہدی اور ڈاکٹر سجاد رئیسی کا قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے دفتر کا دورہ
قم (خصوصی نامہ نگار) – معروف علمی و تعلیمی شخصیات، ڈاکٹر زاہد علی زاہدی اور ڈاکٹر سجاد علی رئیسی نے حالیہ دنوں میں قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر، حجتالاسلام والمسلمین علی نقی جنتی نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ جامعہ کے سکریٹری جنرل جناب سجاد شاکری نے جامعہ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، جو اس وقت کراچی یونیورسٹی میں فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز کے ڈین اور پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، نے جامعہ روحانیت کے تعلیمی اور تحقیقی منصوبوں کو سراہا۔ انہوں نے طلاب کی بہتر تربیت کے لیے مفید تجاویز پیش کیں اور جامعہ کے تحت جاری نصاب سازی اور مجلہ المعارف کے منصوبوں کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے ان کی مزید مضبوطی اور سنجیدہ پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کراچی میں اپنے علمی اور تبلیغی تجربات بھی پیش کئے اور طلاب کی کامیابی کے لیے ایک جامع روڈ میپ پیش کیا۔
اسی طرح، شاہ عبدالطیف یونیورسٹی سکھر کے پروفیسر، ڈاکٹر سجاد علی رئیسی نے بھی جامعہ روحانیت کی تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے جامعہ روحانیت کی سرگرمیوں کے بارے میں سن رہے تھے اور یہاں آکر براہ راست ان فعالیتوں کا مشاہدہ کرنا ان کے لیے باعث مسرت ہے۔ انہوں نے جامعہ روحانیت کی جانب سے جاری تحقیقی مجلات کی اشاعت کو سراہتے ہوئے انہیں ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے رجسٹریشن کروانے کے لیے ضروری قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کی تاکید کی۔
دورے کے اختتام پر جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر حجتالاسلام والمسلمین علی نقی جنتی نے ان دونوں علمی شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قوم و ملت کے لیے انجام دی جانے والی علمی خدمات کو سراہا۔ واضح رہے کہ یہ دونوں شخصیات قم یونیورسٹی میں منعقدہ اسلامی علوم اور مطالعات کے شعبے سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے ایران تشریف لائے ہوئے تھے۔
دیدگاهتان را بنویسید