اربعین حسینی کے پاکستانی مبلغین اور خدمت گزار افراد کی تجلیل
اربعین حسینی کے پاکستانی مبلغین اور خدمت گزار افراد کی تجلیل
قم – اربعین حسینی کے موقع پر خدمات انجام دینے والے پاکستانی مبلغین اور خدمت گزار افراد کی تقریبِ تجلیل میں ایران اور پاکستان کے ممتاز مذہبی اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔ مسئولین نے اربعین کو عالم اسلام کے لیے ایک بہترین فرصت و موقع قرار دیا۔ اس تقریب میں نمائندہ ولی فقیہ در امور حج و زیارت حجت الاسلام سید عبدالفتاح نواب، مرکزی اربعین کمیٹی کے ثقافتی اور تعلیمی شعبے کے سربراہ حجت الاسلام حمید احمدی، نائب صدر جامعۃ المصطفی حجت الاسلام خالق پور، صدر جامعہ روحانیت بلتستان حجۃ الاسلام والمسلمین علی نقی جنتی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اربعین؛ اہل بیت (ع) کے معارف کی تبلیغ اور وحدت کا موقع
حجت الاسلام حمید احمدی نے تقریب میں عالم اسلام میں اربعین کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اربعین اہل بیت (ع) کے پیروکاروں کے درمیان محبت اور قربت پیدا کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربعین نہ صرف الہی فضیلتوں اور اقدار کا مظہر ہے، بلکہ یہ امام حسین (ع) سے لوگوں کے رشتے کو مضبوط کرنے اور عاشورا کے معارف کو پھیلانے کا بھی موقع ہے۔
انہوں نے پاکستانی مبلغین اور ثقافتی کارکنان خاص طور پر جامعہ روحانیت بلتستان کے زحمت کش ذمہ داران کے خلوص پر مبنی تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اربعین مسلم ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کی ایک کامیاب مثال ہے، اور اس موقع کو اسلامی وحدت کو مضبوط کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔
حضرت زینب (س) کا اربعین کی تحریک میں کردار
حجت الاسلام سید عبدالفتاح نواب، نمائندہ ولی فقیہ در امور حج و زیارت، نے تقریب میں حضرت زینب (س) کے اربعین کی تحریک میں کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت زینب (س) نے اپنے جہادِ تبیین کے ذریعے عاشورا کے پیام کو زندہ رکھا اور بنی امیہ کی سازشوں کو ناکام بنایا۔ انہیں اربعین کی تحریک کا بانی کہا جا سکتا ہے۔
خدمات کی قدردانی اور زائرین کو درپیش مشکلات پر توجہ کی اپیل
جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے صدر حجة الاسلام والمسلمین علی نقی جنتی، نے تقریب میں پاکستانی مبلغین کے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ روحانیت بلتستان سالوں سے اہل بیت (ع) کے معارف کی تبلیغ اور اربعین کے زائرین کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم حج و زیارت کے ادارے اور اربعین فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر اس مقدس راستے پر گامزن ہیں۔
انہوں نے پاکستانی زائرین کو درپیش مشکلات کی طرف توجہ دلاتے ہوئے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ زائرین کے سفر اور استقبال کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے سال کے دوران کچھ اہلکاروں کے زائرین کے ساتھ نامناسب رویے نے ایران کے جذبہ خدمت پر مشتمل خوبصورت چہرے کو مجروح کیا ہے نیز سرحدوں پر نقل و حمل اور سروس کی ناکافی سہولیات پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر نے سال بھر تبلیغی سرگرمیوں کو وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم جامعۃ المصطفی اور اربعین فاؤنڈیشن کی حمایت سے زائرین کے لیے منظم پروگرام ترتیب دینے کے لیے تیار ہیں، تاکہ یہ عظیم ثقافتی تحریک وقتی ہونے کے بجائے مستقل اثرات مرتب کر سکے۔
اربعین کمیٹی کے مؤثر اقدامات
ابراہیم صابری، سابق سربراہ اربعین کمیٹی جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان، نے ایرانی فورسز کے اچھے برتاؤ اور جامعۃ المصطفی اور اربعین فاؤنڈیشن کے خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کے لیے سفری ہدایات پر مشتمل کتابچے اور مبلغین کے مجلے کی اشاعت ایک مؤثر اقدام تھا جو زائرین میں بہت مقبول ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال 160 مبلغین اور مبلغات نے ریمدان، میرجاوہ اور دیگر مقامات جیسے خوزستان، مہران، کرمان، قم اور شہر ری میں زائرین کی خدمت کی۔ یہ مبلغین تبلیغ، نماز جماعت اور ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ زائرین کی رہائش، کھانے پینے اور رہنمائی کے شعبوں میں بھی فعال رہے۔
زائرین کے مسائل حل کرنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کا قیام
حجت الاسلام خالق پور، نائب صدر جامعۃ المصطفی، نے تقریب میں زائرین کی دینی معرفت بڑھانے پر زور دیتے ہوئے غیر ملکی زائرین کے سفری مسائل حل کرنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم زائرین کے حالات کو بہتر بنانے اور ان کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
ممتاز مبلغین کی تقریبِ تجلیل
تقریب کے اختتام پر جامعہ روحانیت بلتستان کے 12 ممتاز مبلغین اور مبلغات کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔ نیز جامعۃ المصطفی کی پاکستانی مبلغین کی تنظیم اور خدمات کو سراہا گیا۔
دیدگاهتان را بنویسید