بھارت کا پاکستان پر بزدلانہ حملہ۔ جامعہ روحانیت بلتستان کی طرف سے بھرپور مذمت
قم، ایران — جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے مرکزی دفتر سے جاری ایک اخباری بیان میں بھارت کی پاکستان پر بزدلانہ جارحیت کی بھرپور مذمت کی گئی ہے اور پاکستانی قوم و افواج کے دفاعی عزم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ ہم بھارت کی پاکستان کے سویلین علاقوں، خواتین، بچوں اور مقدس مقامات (جیسے مسجد) پر کی گئی وحشیانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بھارت نے اپنی تاریخ کے سیاہ ترین باب کا اضافہ کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر دہشت گردی کا ارتکاب کیا ہے۔
پاک فضائیہ اور مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے خلاف بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو جو دندان شکن جواب دیا ہے اس پر ہم پاکستانی فوج اور عوام کے اس جذبۂ دفاع کو سلام پیش کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ پورا پاکستان اپنی افواج کے ساتھ “سیسہ پلائی ہوئی دیوار” کی طرح کھڑا ہے۔
بھارت نے اسرائیل کی طرز پر عوامی مقامات اور مذہبی عبادت گاہوں کو نشانہ بنا کر دہشت گردی کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ہم شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں صبر کی تلقین کرتے ہیں۔ شہداء کی خونریزی رائیگاں نہیں جائے گی، اور دنیا کو بھارت کے حقیقی چہرے سے آگاہ ہونا چاہیے۔
ایک نکتہ جو یہاں دونوں ممالک کے مقتدر حلقوں کو یاد دلانے کی اشد ضرورت ہے وہ یہ ہے کہ سرحد کے دونوں جانب کے عوام میں ثقافتی، لسانی اور تہذیبی مشترکات موجود ہیں۔ اگر دونوں ممالک اچھے ہمسایوں کی طرح پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کریں تو خطے میں اقتصادی ترقی، تجارتی مواقع اور عوامی خوشحالی کو فروغ مل سکتا ہے۔
ہم بلتستانی طلاب کرام اور علمائے اعلام اعلان کرتے ہیں کہ پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں اور نظریاتی بنیادوں کے خلاف کسی بھی دشمن کی طرف سے دراندازی ہونے کی صورت میں اس کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں اور ہماری ملی یکجہتی ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔
ہم پاکستان کی قیادت کو بھی متنبہ کرتے ہیں کہ دشمن ہمیشہ پاکستان کی داخلی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتا ہے۔ لہذا عوامی مایوسی اور عدم اعتماد کی فضا کو ختم کرنے کے لیے تمام سیاسی و سماجی حلقوں کو متحد کرنے، قومی و ملی مفادات کی حفاظت اور تحریک آزادی کے قائدین کے ویژن کی پاسداری کی ضرورت ہے۔
جنگوں میں فتح عوامی حمایت سے ہی ممکن ہے، لہٰذا قوم کو متحد رکھنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے!
پاکستان زندہ باد!
این مطلب بدون برچسب می باشد.
دیدگاهتان را بنویسید