متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ہنگو: پارا چنار کی سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکے میں 24 افرد جاں بحق اور 65 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پارا چنار کی سبزی منڈی میں دھماکے سے 24 افراد جاں بحق اور 65 سے زائد زخمی ہو ئے ہیں، مقامی افراد اورامدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طورپر ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے زریعے کیا گیا اور دھماکا خیز مواد پھلوں کی پیٹی میں چھپا کررکھا گیا تھا۔

پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت مارکیٹ میں عوام کا رش تھا جب کہ اسپتال میں ڈاکٹرزکی کمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ایم این اے ساجد طوری کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے