مقصد حسین کی ترویج کے لئے مجالس عزا تبلیغی مراکز ہیں، بغیر تحقیق کوئی بات کرنا سٹیج حسینی کی توہین ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
اتحاد ووحدت کوسبوتاژ کرنے والے اسلام ، پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، صدر وفاق المدارس الشیعہ کا پیغام عاشورہ
لاہور ( ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدرآیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت پیغام ابدی اورمجالس عزا تبلیغی مراکز ہیں،

یہاں سے اتحاد و وحدت کا پیغام جانا چاہیے۔ کسی پر تنقید کی بجائے، صرف قرآن و حدیث اور فرامین معصومین کی روشنی میں علما، خطبا اور ذاکرین ذکر حسینؑ کریں۔ بغیر تحقیق کے کوئی بات کرنا سٹیج حسینی کی توہین اور جہالت ہے۔ پیغام عاشورہ میں حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ برصغیر میں عزاداری سید الشہدا کے فروغ میں ذاکرین کا بنیادی کردا رہے ۔ اسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ جب مدارس دینیہ اور علما اتنی تعداد میں نہیں ہوتے تھے تو ذاکرین ہی فضائل و مصائب اہل بیت ؑبیان کرکے پیغام کربلا لوگوں تک پہنچاتے رہے ہیں۔ ملکی قوانین کے احترام اور اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پیغمبر اکر م صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم نے اپنی زندگی میں کسی کی دل آزاری نہیں کی، امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام نے اپنے قاتل کو شربت پلایا ۔ تو ہمیں بھی دوسرے مسالک اور مذاہب کے مقدسات کا احترام کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ واعظین اور ذاکرین کو منبر رسول پر غیر مستند باتوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔ فضائل و مصائب اہل بیت علیہم السلام بیان کرتے ہوئے صرف ایسی باتوں کا تذکرہ کیا جائے۔ جن کی تصدیق قرآن و حدیث اور اقوال معصومنین سے ہوتی ہو۔آیت اللہ ریاض نجفی نے کہا کہ اتحاد ووحدت قومی فریضہ ہے، اسے سبوتاژ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔
جاری کردہ: نصر ت علی
دیدگاهتان را بنویسید