تازہ ترین

عقد موقت  کے بارے میں ایک اجمالی نظر/تحریر: محمد لطیف مطہری کچوروی

اسلام  ایک عالمی اورابدی دین ہے جس میں انسان کی فردی و اجتماعی ضرورتوں کو مد نظر رکھا گیا ہے ۔انسان کی فطری ضرورتوں میں سے ایک  ازدواج ہے ۔یہ ضرورت اس وقت پوری ہوگی جب وہ کسی سےشادی کرے ۔

شئیر
22 بازدید
مطالب کا کوڈ: 3846

قرآن کریم  نےمرد و عورت کی تخلیق کو خدا کی نشانی اور ان کے ایک دوسرے کے ساتھ شادی کرنے کو مودت و رحمت قرار دیا ہے ۔ارشاد رب العزت ہو رہاہے:{ وَ مِنْ ءَايَاتِهِ أَنْ خَلَقَ لَكمُ مِّنْ أَنفُسِكُمْ أَزْوَاجًا لِّتَسْكُنُواْ إِلَيْهَا وَ جَعَلَ بَيْنَكُم مَّوَدَّةً وَ رَحْمَةً  إِنَّ فىِ ذَالِكَ لاَيَاتٍ لِّقَوْمٍ يَتَفَكَّرُون}۱اور اس کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ اس نے تمہاراجوڑا تمہیں میں سے پیدا کیا ہےتاکہ تمہیں اس سے سکون حاصل ہو اور پھر تمہارے درمیان محبت اور رحمت قراردی ہے کہ اس میں صاحبان فکر کے لئے بہت سی نشانیاں پائی جاتی ہیں ۔ اس آیہ کریمہ میں  شادی کی بعض حکمتوں کی طرف اشارہ ہوا ہے۔ازداوجی زندگی سے منسلک ہونے کے بعد انسان کو فکری و روحی سکون مل جاتاہے ۔ شادی کرنے سےنسل انسانی جاری رہتی ہے اور انسانی معاشرے وجود میں آتے ہیں ۔قرآن اس سلسلے میں کہتاہے :{وَ اللَّهُ جَعَلَ لَكُم مِّنْ أَنفُسِكمُ‏ أَزْوَاجًا وَ جَعَلَ لَكُم مِّنْ أَزْوَاجِكُم بَنِينَ وَ حَفَدَةً وَ رَزَقَكُم مِّنَ الطَّيِّبَاتِ} ۲ اور اللہ نے تمہارے لئے تمہاری جنس سے بیویاں بنائیں اور اس نےتمہاری ان بیویوں سے تمہیں بیٹے اور پوتے عطا کیےاور تمہیں پاکیزہ چیزیں عطا کیں ۔شادی کرنےسےعقلی و معنوی مقاصد حاصل ہونےکےساتھ ساتھ انسان کی نفسانی خواہشات بھی پوری ہو تی ہیں۔چنانچہ پیغمبراسلامصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےفرمایا:{من تزوج فقد احرزنصف دینه}جس نےشادی  کی اس نے اپنا  نصف دین بچا لیا ۔ آپ ؐ نے شادی کو بہترین عمل قرار دیا اور فرمایا:{ما بنی فی الاسلام بناء احب الی الله من التزویج}خدا کےنزدیک اسلام میں سب سےبہترین بنیاد ازدواجی زندگی کی بنیاد ہے۔

اگرہم انسان کی زندگی کا مطالعہ کریں توہم اس حقیقت کو درک کر سکتے ہیں کہ انسان کےلئے دو قسم کی شادیوں کی ضرورت ہے ایک دائمی شادی اور دوسری موقتی شادی۔دائمی شادی عام حالتوں  کےلئے ہےجبکہ موقتی شادی غیر معمولی حالات  کے پیش نظر جیسے اگرکوئی طولانی  مدت  کےلئےسفر میں جائےاور بیوی ساتھ نہ ہو ۔اسی طرح جنگ اور مختلف حوادث میں جو عورتیں بیوہ ہو جاتی ہیں  ۔علاوہ ازیں دائمی شادی  کے لئےبہت زیادہ اخراجات کی ضرورت ہوتی ہے   جبکہ موقتی شادی  کے لئے اتنےاخراجات کی ضرورت نہیں ہوتی ۔انسان کی جنسی خواہشات کو پورا کرنے  کےلئےاسےشادی کرنےکی ضرورت ہے اگروقتی شادی کےذریعے اس کی یہ خواہش پوری  نہ ہو تو وہ ناجائز روابط کے ذریعے اسےپوری کرنےکی کوشش کرے گا جس سے انسانی معاشرے میں اخلاقی برائی پھیل جائی گی اور معاشرہ تباہ و بربادہو جائے گا۔

دین مقدس اسلام نے انسان کی اس ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے دو قسم کی شادیوں کو جائز قرار دیا ہے ۔ایک دائمی شادی اوردوسری وقتی شادی۔ دائمی شادی  کے بارے میں قرآن کریم کہتاہے :{ وَ إِنْ خِفْتُمْ أَلَّا تُقْسِطُواْ فىِ الْيَتَامَى‏ فَانكِحُواْ مَا طَابَ لَكُم مِّنَ النِّسَاءِ مَثْنىَ‏ وَ ثُلَاثَ وَ رُبَاعَ  فَإِنْ خِفْتُمْ أَلَّا تَعْدِلُواْ فَوَاحِدَة}۳اور اگر یتیموں کے بارے میں انصاف نہ کر سکنےکا خطرہ ہے تو جو عورتیں تمہیں پسند ہیں دو،تین ،چار  ان سےنکاح کر لو اور اگر ان میں بھی انصاف نہ کر سکنے کا خطرہ ہے تو پھر ایک ہی عورت {کافی ہے}۔ 

قرآن کریم عقد موقت یا متعہ کےبارے میں کہتاہے:{ فَمَا اسْتَمْتَعْتُم بِهِ مِنهْنَّ فَاتُوهُنَّ أُجُورَهُنَّ فَرِيضَة}۴پھر جن عورتوں سے تم نے متعہ کیا ہے ان کا طے شدہ مہر بطورفرض ادا کرو ۔لفظ متعہ عرف،شرع اور شیعہ وسنی فقہاء کےنزدیک نیز روایات میں عقد موقت  کے معنی میں ہے ۔مشہور مفسر جناب طبرسی مجمع البیان میں اسی آیت  کے ذیل میں فرماتے ہیں:اس آیت  کے  متعلق دو نظریےپائے جاتے ہیں :1۔ بعض لوگوں  نےاستمتاع سےمراد لذت جوئی  لیا ہے  اور بطور دلیل بعض اصحاب اور تابعین  کے عمل کو پیش کیا ہے ۔2۔ بعض لوگوں نے استمتاع سےمراد عقد موقت لیا ہے  اور بطوردلیل ابن عباس، سدی ،ابن مسعوداور تابعین کی ایک جماعت کو پیش کیا ہے  جو  استمتاع کوعقد موقت سے تفسیر کرتے تھے۔ ان دو نظریوں میں سے دوسرےنظریے کی صحت واضح ہے اس لئے کہ عرف و شرع  میں متعہ اور استمتاع سے مراد عقدموقت ہے ۔اس کے علاوہ مہر کا ادا کرنا لذت اٹھانے پر منحصر نہیں ہے۔ بنابرین آیہ کریمہ متعہ پر دلالت کرتی ہے کیونکہ :1۔ اس آیت سے  پہلی والی آیتوں میں عقد دائمی اور اس کے مہریہ کا حکم بیان ہوا ہے لہذا اسےدوبارہ تکرار کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے  ۔2۔دائمی شادی میں جونہی صیغہ عقد جاری ہو مہر شوہر پر واجب ہوتا ہے  اور اگر عورت ہمبستری سے پہلے اس کامطالبہ کرے تو مہر  دینا واجب ہے جبکہ مذکورہ آیت  کےمطابق شوہر پر مہر اس وقت واجب ہوگا جب اس نے اپنی بیوی سے ہمبستری کی ہو لہذا آیت کا مفہوم یہ ہے کہ جب عورتوں سے ہمبستری کرنا تو ان کا مہر ادا کرنا۔۵اس نظریہ پر یہ اشکال ہےکہ :مہریہ کاا دا کرنا عقد پرمنحصر ہے یعنی جیسےہی عقد پڑھ لیاگیا ،عورت اپنا تمام مہر مانگ سکتی ہے اور اس میں ہمبستری کی کوئی شرط نہیں ہے البتہ اگر دخول سے پہلے طلاق ہو جائے تونصف مہر دینا ہو گا ۔

ائمہ اہل بیت علیہم السلام کی احادیث۶کےعلاوہ اہل سنت نے بعض اصحاب اور تابعین سےوقتی شادی کےبارےمیں احادیث نقل کی ہیں ۔ابن عباس،ابی بن کعب ،سعید بن جبیر اورسدی آیہ کریمہ کی تلاوت اس طرح کرتے تھے:{فَمَا اسْتَمْتَعْتُم بِهِ مِنهْنَّ ُإلی اجل مسمی فَاتُوهُنَّ أُجُورَهُنَّ فَرِيضَة}مجاہد کا کہنا ہے:مذکورہ آیہ متعہ کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔۷فخر الدین رازی لکھتے ہیں :مسلمانوں نےابی کعب اور ابن عباس کی قرائت سےانکار نہیں کیا ہے ۔یہاں سےمعلوم ہوتاہے کہ ان دونوں کی قرائت  کے صحیح ہونے کے بارے میں تمام مسلمانوں کا اجماع ہے ۔اس کا نتیجہ یہ ہے کہ متعہ کےجائزہونے کے بارے میں بھی مسلمانوں   کا اجماع ہے ۔۸

اہل سنت کے علماء نے یہ ادعا کیا ہے کہ یہ آیت نسخ ہوئی ہے اور انہوں نے اس سلسلے  میں بعض آیات  کے علاوہ صحاح اور مسانید میں منقول احادیث سے استدلال کیاہے ۔بعض افراد نے آیہ   کریمہ {وَ الَّذِينَ هُمْ لِفُرُوجِهِمْ حَافِظُونَ.إِلَّا عَلىَ أَزْوَاجِهِمْ أَوْ مَا مَلَكَتْ أَيْمَانهُمْ فَإِنهَّمْ غَيرْ مَلُومِينَ.فَمَنِ ابْتَغَى‏ وَرَاءَ ذَالِكَ فَأُوْلَئكَ هُمُ الْعَادُون}۹{اور جو لوگ اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں، مگر اپنی بیویوں اورکنیزوں سے پس ان پر ملامت نہیں ہے، جو لوگ اس کے علاوہ کی خواہش کریں وہ حد سے تجاوز کرنے والے ہیں }کو  حکم متعہ کےمنسوخ ہونے کی دلیل قرار دیاہے ۔وہ کہتے ہیں کہ اس آیت کےمطابق صرف دو طریقوں سے عورتیں مرد پر حلال ہوجاتی ہیں ۔  ایک زوجیت اور دوسرا ملکیت جبکہ اس آیت میں متعہ کا کوئی ذکر نہیں ہوا ہے ۔ متعہ کا ملک یمین نہ ہونا واضح ہے اسی طرح متعہ شادی کی قسم بھی نہیں ہے کیونکہ اس میں شادی  کےاحکام جیسے ارث ،نفقہ اور حق قسم {شب خوابی}نہیں ہیں ۔اس غلط تصور  کا  جواب یہ ہے کہ

 پہلا: عقد موقت {متعہ}کیفیت  کےلحاظ سے عقد دائمی  جیسا ہے ۔اس قسم کے ازدواج کے شرعی ہونےمیں کوئی انکار نہیں کرتا۔ان دونوں  کےدرمیان بعض احکام مشترک اور بعض احکام ان میں سے ہر  ایک مخصوص ہیں۔

دوسرا:سورۃ مومنون کی آیت مکی آیات میں سے ہے جبکہ عقد موقت پر دلالت کرنےوالی آیت مدنی ہے ۔ مسلمانوں کا اجماع ہےکہ آیۃ متعہ مدینہ میں نازل ہوئی ہے  جبکہ ناسخ کو زمان  کے اعتبار سےمنسوخ کے بعد ہونا چاہیے ۔ یہ بڑی عجیب بات ہے کہ جب ان سےکہا جاتاہے کہ سورۃ مومنون کی اس آیت  نےکنیزوں سے شادی کرنے کے حکم کو کیوں نسخ نہیں کیاہے؟ چنانچہ ارشاد ہوتاہے :{وَ مَن لَّمْ يَسْتَطِعْ مِنكُمْ طَوْلاً أَن يَنكِحَ الْمُحْصَنَاتِ الْمُؤْمِنَاتِ فَمِن مَّا مَلَكَتْ أَيْمَانُكُم مِّن فَتَيَتِكُمُ الْمُؤْمِنَات}۱۰{اور جس کےپاس اس قدر مالی وسعت نہیں ہے کہ آزاد مومنہ عورتوں سے نکاح کرے تو وہ کنیز مومنہ عورت سے عقد کرے}تو جواب دیتے ہیں کہ سورہ مومنون کی آیت مکی ہےلیکن مذکورہ آیت { جس میں کنیزوں سے شادی کاحکم ہوا ہے }مدنی ہے ۔مکی آیتیں مدنی آیات  کے لئے ناسخ نہیں بن سکتیں ۱۱جبکہ اسی بات کو متعہ کے بارے میں  کہنےسےگریزکرتے ہیں ۔{والذین هم لفروجهم حافظون}یہ آیتیں سورہ معارج میں بھی موجود ہیں جبکہ سورہ معارج بھی مکی ہے  ۔

بعض روایات   کےمطابق متعہ کا حکم اضطراری حالات  کے لئے تھالہذا جب اضطرار ی حالات ختم ہوگئے تو متعہ کاحکم بھی منسوخ ہواہے۔۱۲جبکہ اضطراری احکام، اضطراری حالتوں کے تابع ہیں  اور اضطراری حالات صرف پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہوسلمکے زمانےسے مخصوص نہیں ہیں جیسے مجبوری کی حالت میں مردار کا گوشت کھانا جائز ہے اور یہ حکم صرف صدر اسلام   سے مخصوص نہیں ہے بلکہ آج  بھی اس قسم کی کوئی حالت پیش آجائے تومردارکا گوشت کھانا جائز ہے  ۔اس قسم کی روایتوں  کے مقابلے میں اوربھی روایات موجود ہیں جو خلیفہ دوم  کےزمانے تک متعہ کے جائز ہونےپر دلالت کرتی ہیں ۔ عمران بن حصین سےبخاری نےنقل کیا ہے کہ اس نےکہا : آیہ متعہ کتاب خدا میں نازل ہوئی ہے ہم نے بھی رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم   کے ساتھ اس پر عمل کیا ۔اس کےحرام ہونے کے بارے میں کوئی دوسری آیت نازل نہیں ہوئی ہے ۔پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےاپنی وفات تک اس سے منع نہیں فرمایا ۔ اس  کےبعد ایک شخص نے اپنی رائے کی بنا پر اس سلسلے میں حکم صادر کیا ۔۱۳اس قسم کی روایتوں کو مسلم نےچند واسطوں سے جابر بن عبد اللہ انصاری سےنقل کیا ہے۔۱۴متعہ کے منسوخ ہونے پر دلالت کرنے والی روایتیں ایک واقعہ کی طرف اشارہ کرتی ہیں لیکن ان روایتوں میں بہت زیادہ ضد و نقیض باتیں ہیں جوان کے جعلی ہونے کو ثابت کرتے ہے۔۱۵ مثلا بعض روایات کے مطابق یہ حکم فتح مکہ کے سال منسوخ ہوا ہے۔بعض کہتے ہیں کہ فتح خیبر کے سال یہ حکم منسوخ ہوا ہے ۔ بعض کہتے ہیں کہ حجۃ الوداع کے موقع پر یہ حکم نسخ ہوا ہے جبکہ بعض کےمطابق جنگ تبوک میں یہ حکم نسخ ہوا ہے۔۱۶ان اقوال کا لازمہ یہ ہے کہ ایک حکم چند سالوں میں متعدد بار مباح اور متعدد بار نسخ ہو اہو۔یہ نہ علم و حکمت خداوندی سے سازگار ہے اور نہ اسلام میں اس قسم کی کوئی روش پہلے سے موجود تھی۔واضح رہےکہ اتنے اختلافات اور تعارض کےہوتےہوئے ان روایات سےایک قطعی حکم کو منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔علاوہ ازیں یہ روایتیں دوسری روایتوں سے{جو متعہ کے جائز ہونے پر دلالت کرتی ہیں}تعارض رکھتی ہیں۔ابن عباس کہتے ہیں :{ماکانت المتعة الارحمة رحم الله بها امة محمد{ص}لو لا نهیه{یعنی عمر}عنها ما احتاج إلی الزناء الاشقی}۱۷متعہ ایک رحمت تھی خدا نے اس کے ذریعے پیغمبر کی امت پر رحمت کی۔اگر عمربن خطاب متعہ سے منع نہ کرتا تو سوائےشقی   کے کسی اور کو زنا کی ضرورت نہ پڑتی ۔اس حدیث کا مفہوم یہ  ہےکہ متعہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعےمنسوخ نہیں ہوا بلکہ خلیفہ دوم نے اس سےمنع کیا ہے ۔یہ حدیث جابر بن عبد اللہ انصاری سے نقل ہونے والی حدیث کی موٴید ہے ۔

طبری اور ثعلبی آیہ کریمہ{فمااستمتعتم به منهن}۱۸کی تفسیرمیں حضرت علیعلیہ السلام سے نقل کرتےہیں کہ آپؑ نےفرمایا : {لو لا ان عمرنهی عن المتعة مازنی الاشقی}۱۹اگرعمر نےمتعہ سےمنع نہ کیا ہوتاتو شقی کےسوا کوئی زنا نہ کرتا۔اسی بات کو دوسرے ائمہ اہلبیتعلیہم السلام نےبھی متواتر طریقوں سےآپؑ سے نقل کیا ہے۔یہ حدیث بھی جابربن عبداللہ انصاری کی حدیث کی موٴید ہے ۔ جناب جابر ابن عبد اللہ انصاری کا بیان ہے :ہم رسول خداؐ کے زمانےمیں بطور مہر مختصر کھجور اورآٹے پر چند دنوں کے لئے متعہ کیا کرتےتھے اوریہ کام ابوبکرکےزمانے تک انجام دیا لیکن عمر نے عمرو بن حریث  کےواقعے کےبعد اس سے منع کردیا۔   ۲۰

6۔خلیفہ دوم کا یہ قول مشہور ہے {متعتان کانتا علی عهد رسول الله{ص}و انا انهی عنهما و اعاقب علیهما: متعة الحج و متعةالنساء}۲۱دو متعے جو رسول خداصلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکےزمانےمیں رائج تھے میں ان سےمنع کرتاہوں اور جو ان کا مرتکب ہو جائے  اسے سزا دوں گا: متعۃ النساء اور حج تمتع۔خلیفہ دوم کے اس قول سے واضح ہو جاتاہے کہ متعہ رسول خداصلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکے زمانےمیں منسوخ نہیں ہوا تھابلکہ انہوں نے اپنی طرف سے منع کیا تھا ۔ فریقین کی روایتیں اس بات کی گواہ ہیں کہ یہ حکم منسوخ نہیں ہوا ہے بلکہ خلیفہ دوم نےاس حکم پر عمل کرنے سے روکاہے وہ کہتا ہے :{ایها الناس ثلاث کن علی عهد رسول الله.انا انهی عنهن و احرمهن و اعاقب علیهن و هی متعة النساء و متعة الحج و حی علی خیرالعمل} اےلوگو:تین چیزیں جو رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانےمیں رائج تھیں میں ان سےمنع کرتا ہوں اور انہیں حرام قراردیتا ہوں ۔ جس کسی کو ان کا مرتکب پاوَں گا اسےسزا دی دوں گا وہ تین چیزیں یہ ہیں :عورتوں سے متعہ کرنا ،حج تمتع اور حی علی خیر العمل۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پہلے اور تیسرے مسئلے میں خلیفہ کی ممانعت ابھی تک باقی ہے لیکن حج تمتع  کوخلیفہ دوم کی مخالفت  کےباوجود مسلمان بجا لاتے ہیں ۔۲۲

عقد موقت کے مخالفین اس بارے میں بہت سےشبہات پیش کرتےہیں  جو عموما نکاح موقت سے آشنائی نہ رکھنےکی وجہ سے ہے۔ ہم یہاں عقد موقت کےسلسلے میں کئےگئے دو اعتراضات کا مختصراجواب دینے کی کوشش کرینگے ۔

1۔شادی کا مقصد  اور نسل کو باقی رکھناہے جبکہ یہ ہدف صرف عقد دائمی کےذریعےحاصل ہوتا ہے کیونکہ متعہ  یا عقد موقت کرنےکا مقصد صرف جنسی خواہشات کو بجھانا ہے  ۔ ۲۳

جواب:اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ شادی کرنےکا ایک مقصد نسل کو باقی رکھنا اور ازدواجی زندگی کوقائم کرنا ہے لیکن شادی کرنے کا مقصد صرف یہی نہیں بلکہ جنسی لذتوں کو جائز طریقے سے پورا کرنا اور معاشرے کو فساد اور برائیوں سے پاک رکھنا بھی شادی کے اہم اغراض میں سے ہے۔لہذا جب عقد دائمی کےلئےراستہ ہموارنہ ہو تو ان اہداف کو حاصل کرنے کا معقول اور جائز طریقہ عقد موقت ہے ۔ علاوہ ازیں بہت سارے افراد تولیدنسل کی خاطر اس قسم کی شادی کرتے ہیں کیونکہ متعہ اور دائمی شادی سےپیدا ہونےوالےبچوں کے احکام مشترک ہیں۔ 

2۔متعہ عورت کی شرافت و کرامت کے ساتھ منافات رکھتاہے کیونکہ یہ ایک قسم کی جسم فروشی ہے ۔ عورت کی عزت وکرامت اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ کچھ چیزوں کی خاطر اپنے آپ کو ایک اجنبی مرد کے سپرد کرے ۔

جواب:متعہ اوردائمی شادی کے درمیان ماہیت کے لحاظ سے کوئی فرق نہیں ہے ۔جو کچھ عورت مرد سے لیتی ہے وہ مہر ہے۔ان دونوں قسموں میں مرداپنی بیوی سے لذت اٹھانے کا حق رکھتا ہےجس کے مقابلےمیں مردپرعورت کا مہر واجب ہوتا ہے۔عقد موقت اور دائمی کوئی مالی تجارت نہیں بلکہ یہ ایک مقدس عہد وپیمان ہے جو معقول اور جائز طریقے سے شوہر اور بیوی کے درمیان انجام پاتا ہے ۔یہ بات بہت تعجب آور ہے کہ جو لوگ اس قسم کی شادی پر اعتراض کرتے ہیں یہیں افراد اس دور میں جہاں کچھ شیطان صفت افراد اپنے  جنسی خواہشات کو پوری کرنے کے لئےعورتوں کو مختلف طریقوں سے شکار کرتے ہیں اور انہیں اپنی جنسی پیاس بجھانے  کا ایک وسیلہ سمجھتے ہیں  اسے  جدید دور کے تہذیب و تمدن  کے طور پر قبول کرتے ہیں ۔یہ کیسےممکن ہے کہ اگرایک عورت اپنی مرضی سے کسی کےساتھ متعہ کرےتو یہ عورت کی شرافت کے خلاف ہو لیکن اگر ایک عورت چند پیسوں کی خاطر کسی لہوو لعب کی محفل میں یا کسی نائٹ کلب میں ہزاروں عیاش مردوں کے سامنےان کی جنسی خواہشات کو ابھارنے کی خاطر ہر قسم کی حرکتیں انجام دے اور چند افرادکے ہاتھوں اس کی عزت لٹ جائے تویہ عورت کی کرامت و شرافت کے خلاف نہ ہو۔ ۲۴

بہت افسوس کی بات ہے کہ بعض مسلمان مردوں اور عورتوں کی طرف سے متعہ جیسےاسلامی احکام کی بے حرمتی ہوئی ہے ۔ بعض خود خواہ مردوں اور عورتوں نے اس اہم اسلامی قانون کے فلسفےکو پاوٴں تلے روندتے ہوئے اسے صرف لذت اٹھانے کا وسلیہ قرار دیا ہے جس کی وجہ سے کچھ موقع پرست ناداں افراد کو موقع مل گیا تاکہ وہ اسی بہانے سے  اس حکم شرعی کو ایک فعل قبیح کےطورپر پیش کریں۔ائمہ اہلبیت علیہم السلام نے اسی لئےشادی شدہ افراد کو متعہ کرنےسےمنع فرمایا اس کے باوجود انہوں نےہمیشہ اس حکم شرعی  کی اہمیت کے پیش نظر اہل سنت کے نظریے کی سختی سے مخالفت کی اور اس بارے میں تقیہ اختیار کرنے کو جائز قرار نہیں دیا ۔ امام جعفر صادقعلیہ السلام فرماتے ہیں : جن موضوعات میں تقیہ نہیں کروں گا ان میں سے ایک متعہ ہے ۔۲۵ امام موسی کاظم علیہ السلام نے علی بن یقطین کو{ جنہوں نے متعہ کیا تھا }سرزنش کرتے ہوئے فرمایا: تمھیں متعہ کرنے کی کیا ضرورت ہے خدا نے تمہیں اس کام سے بے نیاز کیا ہے ۔ آپ ؑکسی اورمقام پر فرماتےہیں:یہ کام اس شخص کےلئے مناسب ہےجو شادی شدہ ہونے کے باوجود خدا نے اسے اس کام سے بے نیاز نہیں کیا ہے۔جو شخص شادی شدہ  ہے وہ اس وقت متعہ کر سکتا ہے جب اس کی بیوی اس کے پاس نہ ہو یعنی اس تک رسائی نہ ہو۔۲۶بہر حال جو کچھ واضح ہے وہ یہ کہ شارع کی طرف سے اس شرعی حکم کو صادر ہونےاورائمہ اہلبیتعلیہم السلام کا اس مسئلے کے بارے میں رغبت دلانے کا مقصد یہ نہیں کہ چند ہوسران اورشیطان صفت افراد اس کے ذریعے اپنی جنسی لذتیں پوری کریں یا اس کے ذریعے چند سادہ لوح عورتوں اور بےسرپرست بچوں کو مشکلات میں گرفتا ر کریں ۔۲۷

حوالہ جات:

۱۔روم،21۔

۲۔نحل،72۔

۳۔نساء،3۔

۴۔نساء،24۔

۵۔مجمع البیان ،ج3ص60۔ ناصر مکارم شیرازی،شیعہ پاسخ می گوید،ص 114 ۔

۶۔وسائل الشیعۃ ،ج14،ابواب المتعۃ،باب1۔

۷۔تفسیر ابن کثیر،ج2، ص244۔

۸۔مفاتیح الغیب،ج10ص52۔

۹۔مومنون ،5 – 7۔معارج،29 – 31۔

۱۰۔نساء،25۔

۱۱۔سید شرف الدین عاملی ،الفصول المہمۃ ،ص75۔

۱۲۔صحیح بخاری ،ج3،ص246۔صحیح مسلم،ج2،ص1027۔

۱۳۔صحیح بخاری،ج6ص27۔

۱۴۔صحیح مسلم،ج2ص1023۔

۱۵۔سید محسن امین ، نقض الوشیعۃ ،ص 303۔شرف الدین عاملی ،مسائل الفقیۃ ،ص69۔ علامہ امینی ،الغدیر،ج6ص225۔،شیخ محمد حسین کاشف الغطاء،اصل الشیعۃ و اصولہا،ص171۔

۱۶۔شرح صحیح مسلم،نووی ،ج9،ص191۔

۱۷۔ابن اثیر،نہایۃ،ج2،ص488۔

۱۸۔نساء،24۔

۱۹۔سیدشرف الدین عاملی،الفصول المہمۃ ،ص79۔

۲۰۔ صحیح مسلم ،    ج 2 ،ص131۔

۲۱۔فخر الدین رازی ،مفاتیح الغیب،ج10،ص52۔

۲۲۔ جعفرسبحانی،عقائدامامیہ ،ص367۔

۲۳۔تفسیرالمنار۔

۲۴۔مرتضی مطہری،نظام حقوق زن دراسلام،ص67۔

۲۵۔نظام زن در اسلام،ص82۔

۲۶۔ایضاً،ص82۔

۲۷۔ایضاً۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

دیدگاهتان را بنویسید

نشانی ایمیل شما منتشر نخواهد شد. بخش‌های موردنیاز علامت‌گذاری شده‌اند *