گلگت بلتستان کے مجوزہ اصلاحاتی پیکج پر مزید غور کیلئے 14 مئی کو اہم اجلاس وزیراعظم ہائوس میں طلب
گلگت بلتستان کے مجوزہ اصلاحاتی پیکج پر مزید غور کیلئے 14 مئی کو اہم اجلاس وزیراعظم ہائوس میں طلب کرلیا گیا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز کو بلایا گیا ہے،
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان بھی شریک ہونگے، قومی سلامتی کمیٹی کی ہدایات کے مطابق اصلاحات کی سفارشات میں ترامیم اور مزید غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے مطابق یہ اہم میٹنگ رکھی گئی ہے، وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اصلاحاتی پیکیج میں خامیوں کو دور کرنے اور عوام کے تحفظات کے ازالے کی کوشش کی جائے گی، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں اصلاحات کا عمل رواں ماہ ہی مکمل کیا جائیگا کیونکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا یہ آخری مہینہ ہے، ا سلئے حکومت کی کوشش ہے کہ مئی کے آخری ہفتے تک اصلاحات کو مکمل کرکے نافذ کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کے اصلاحات پیکج میں بعض خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی جنہیں دور کیا جائے گا۔ دوسری طرف مجوزہ اصلاحات ڈرافت پبلک ہونے کے بعد عوامی وسماجی حلقوں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کرنے پر اعلیٰ حکومتی حلقے کو پیکیج پر دوبارہ غور پر مجبور ہو گئے۔ اس سے پہلے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی کہا گیا تھا کہ پیکج کو گلگت بلتستان کے عوام کی امنگوں کے مطابق بنایا جائے اور عوام کے دیرینہ مطالبات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ واضح رہے کہ مجوزہ اصلاحات میں وزیراعظم پاکستان کو فیصلہ سازی میں بااختیار بنایا گیا ہے جبکہ اس سے پہلے سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات میں گلگت بلتستان کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دینے کی تجویز دی گئی تھی۔
بشکریہ daily k2
دیدگاهتان را بنویسید