تازہ ترین

امامت کی حقیقت اور اس کی مختلف ذمہ داریاں/تحریر: محمد لطیف مطہری کچوروی

 

مقدمہ:

 شیعہ اور اہل سنت کے درمیان امامت کی ضرورت اور اس کے وجوب کے بارے میں کوئی اختلاف نہیں ہے البتہ شیعہ امامت  کے وجوب کو دلیل عقلی سے جبکہ اہل سنت اسےدلیل نقلی سے ثابت کرتے ہیں ۔

شئیر
24 بازدید
مطالب کا کوڈ: 4122

اہل سنت کے نزدیک اگرچہ منصب امامت پیغمبر اسلامصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خلافت و جانشینی ہے لیکن  ان کے عقیدہ کے مطابق مسلمانوں کو آپس میں مل بیٹھ کر مشاورت کے ذریعے اس بارے میں فیصلہ کرنا چاہیے اور ایسے فرد کو امام  منتخب کرنا چاہیے جو اسلامی معاشرے کی ضرورتوں کو پورا کر سکتا ہو نیز معاشرے میں اسلامی احکام کو نافذ کر سکتا ہو  جیسا کہ ابن خلدون اس بارے میں لکھتے ہیں:{وقصاری امرالامامة انها قضیة مصلحیة اجماعیة ولا تلحق با لعقائد}۱مسئلہ امامت کے بارے میں بطور خلاصہ ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ {اسلامی معاشرے کی }ضروریات کے مطابق اور اجماع مسلمین یا اجماع {ارباب حل و عقد  }کے ساتھ وابستہ ہے ۔ یہ عقائد کے ساتھ مربوط نہیں۔اس کے برعکس شیعہ امامت کو کار نبوت و رسالت کا استمرار و تسلسل سمجھتا ہے اور اسے مسئلہ  الہیٰ   قرار دیتا ہے ۔ امام پیغمبر اور نبی کی طرح خداوند متعال کی طرف سے معین ہوتا ہے۔  اسی لئے امام اور پیغمبر میں کوئی فرق نہیں ہے سوائے اس کے کہ پیغمبر پر وحی ناز ل ہوتی ہے اور وہ لوگوں کو وحی  الہیٰ ٰ پہنچاتا ہے لیکن امام پر وحی نازل نہیں ہوتی کیونکہ  پیغمبر اسلامصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد نبوت و وحی کا سلسلہ ختم ہوا ہے ۔یہاں ہم قرآن کریم ،احادیث معصومین علیہم السلاماور عقلی دلائل سے استفادہ کرتے ہوئے  امامت کی  مختلف ذمہ داریوں کو بیان کریں گے۔

1۔امام  فضائل اخلاقی کا عملی نمونہ

امام فضائل اخلاقی اور کمالات نفسانی کےلحاظ سے بلندمقام پرفائزہوتا ہے ۔وہ چمکتےہوئے سورج کے مانند ہے جس پر ہر کسی کی نظرہوتی ہے اور انسان انہیں کی وساطت سے انسانیت اور فلاح کےراستےکو پہچان سکتا ہے۔ لوگ انہیں  نفس کی تربیت کرنے اورفضائل اخلاقی کسب کرنے نیزرذائل اخلاقی کودور کرنے کے لئے نمونہ قراد دے سکتے ہیں  ۔امام رضا علیہ السلامنےامام کی جوصفات بیان فرمائی ہیں ان میں سے بعض عبارت یہ ہیں ۔{الامام النار علی الیفاع،الحار لمن اصلی به ،والدلیل فی المهالک،من فارقه فهالک}2 امام اس آگ کے مانند ہے جو کسی بلندی پر لوگوں کو راستہ دکھانے کے لئے روشن کی جائے۔امام ہلاکت خیز میدانوں میں صحیح راستہ بتانے والا ہے۔ جو اس سے الگ رہا  ہلاک ہوا ۔

حضرت علی علیہ السلامبصرہ  کے گورنر عثمان بن حنیف کے نام خط میں لکھتے ہیں :{ الا و ان لکل ماموم اماما یهتدی به و یستضیئ بنور علمه،الا و ان امامکم قد اکتفی من دنیاه بطمریه و من طعمه بقرصیه ، الا و انکم لا تقدرون علی ذلک و لکن اعینونی بورع و اجتهاد و عفة و سداد}3یاد رکھو کہ ہر ماموم کا ایک امام ہوتا ہے جس کی وہ اقتداء کرتا ہے اور اسی کے نور علم سے کسب ضیا ء کرتا ہے ۔ تمہارے  امام نے تو اس دنیا میں صرف دو بوسیدہ کپڑوں اور  دو روٹیوں پر گزارہ کیا ہے ۔مجھے معلوم ہے کہ تم لوگ ایسا نہیں کر سکتے  لیکن کم از کم احتیاط ، کوشش ، عفت اور سلامت روی سے میری مددتو کرو۔

امام کے اس کلام میں سب سےزیادہ امامت کے اخلاقی و تربیتی پہلو پر زور دیا گیا ہے۔ آپ ؑسعی وکوشش، عفت ،تقوی ،پرہیز گاری، قناعت و سادگی وغیرہ پر زیادہ زور دیتے ہیں کیونکہ عثمان بن حنیف کسی ایسی محفل میں شریک ہوا تھا جہاں ثروتمند لوگ جمع تھے اور اس محفل میں کوئی غریب شامل  نہیں تھا ۔

2۔ معارف دینی کی تعلیم 

 نبوت کے اہداف میں سے ایک اہم ہدف کتاب و حکمت کی تعلیم  ہے ۔چنانچہ ارشاد ہوتا ہے :{ وَ يُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَ الحْكْمَة}{نبی انہیں کتاب و حکمت کی تعلیم دیتا ہے } قرآن و حکمت کی تعلیم کا مرحلہ تلاوت قرآن اور وحی کے ابلاغ کے بعد کا ہے  ۔{ يَتْلُواْ عَلَيهْم}{ ان کےسامنے آیات کی تلاوت کرتا ہے} شریعت و وحی کا ابلاغ نبوت کےساتھ مختص ہے لیکن ختم نبوت کےساتھ معارف و احکام دین کی تعلیم    ختم نہیں ہوتی ۔خاص طور پر مختلف سیاسی اور اجتماعی موانع کی وجہ سے مسلمان عصر رسالت میں  تمام معارف و احکام اسلامی سےآشنا  نہ ہو سکے ۔علاوہ ازیں   وحی پر مبنی ان آسمانی معارف و احکام کو لوگوں تک نہ پہنچانے کی صورت میں غرض نبوت وہدف وحی حاصل نہیں ہوگا  لہذا عقل و حکمت کا تقاضا ہے کہ پیغمبر اسلامصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے بعدان علوم و حقائق کو کسی ایسے فرد کے حوالے کرے جو آپ ؐکےبعد مناسب مواقع پر لوگوں کو معارف و احکام اسلامی بیان کرے ۔اسی بنا  پر ائمہ اطہار علیہم السلام کی حدیثوں میں  ان کے راسخون فی العلم ہونےنیز قرآن کے تمام حقائق و معارف سے آشنا ہونے  پرزور دیا گیا ہے ۔ پیغمبر اسلامصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معروف حدیث میں حضرت علی علیہ السلام کو علم کا دروازہ قرار دیا گیا ہے۔ جیساکہ آپ ؐفرماتے ہیں :{انامدینة العلم و علی بابها فمن اراد العلم فلیات الباب}4 میں علم کا شہر ہوں  اور علی اس کا دروازہ ہے  ۔پس جو شخص علم کا طالب ہو اسے دروازے سے داخل ہونا چاہیے۔ 

3۔ اسلامی معاشرے کی سیاسی رہبری

انسانی معاشرے میں ایک سیاسی نظام کی ضرورت  بدیہی امور میں سے ایک ہے ۔اسی لئے تاریخ بشریت  کی ابتداءسے لے کر اب تک ایسا کوئی انسانی معاشرہ پیدا نہیں ہو سکا جہاں ایک سیاسی نظام حاکم نہ ہو ۔البتہ تاریخ بشریت میں وجود میں آنے والے سیاسی نظاموں میں بہت سارے اختلافا ت موجود تھے ۔انسانی معاشرے میں سیاسی نظام قائم کرنے والے اکثر حاکموں نے ظلم و استبداد کی روش اختیار کی جس کی وجہ سے بہت سارے لوگ حکومت کی ضرورتکے منکر ہوگئے  جنہیں Anarchist}}{حکومت مخالف عناصر} اور ان کے نظریہ کو { Anarchism}کہاجاتا ہے  ۔اسی طرح  تاریخ اسلام میں بھی بہت سے لوگوں نے حکومت  کی ضرورت کی مخالفت کی جیساکہ حکمیت کے مسئلے میں بہت سے لوگ فکری طورپر خطا کر گئے وہ حکم یعنی قانون ا ور حکم یعنی فرمانروا میں  اشتباہ  کرکئےاور اس آیت {لاحکم الا لله} سے استدلال کرتے ہوئےاصل حکمیت کے  ہی منکر ہوگئے اور اسے ناجائز قراردے کر  حضرت علی علیہ السلام اور باقی افراد کوکافر قراردینےلگے۔ اگرچہ ان حالات میں حکمیت کا مسئلہ عاقلانہ و مصلحت آمیز نہیں تھا۔اسی لئے حضرت علیعلیہ السلام  اس کے سخت مخالف تھے لیکن  آپ ؑنے خوارج کے اصرار پر  مجبور ہوکر حکمیت کو قبول فرمایا البتہ اصل حکمیت عقل و وحی کے خلاف  تو نہیں  تھا ۔ آپ ؑنے مختلف مقامات پر خوارج کی غلطیوں کے بارے ارشاد فرمایا :جیساکہ{نعم لاحکم الا لله ، لکن هولاء یقولون لا امرة الا الله و لا بد للناس من امیر بر او فاجر}بے شک حکم صرف اللہ کا ہے لیکن ان لوگوں کا کہنا ہےکہ حکومت اور امارت بھی اللہ کے لئے ہے حالانکہ واضح سی بات ہے کہ نظام بشریت کے لئے ایک حاکم کا ہونا بہت ضروری ہے  چاہےنیک ہو یا فاسق ہو۔”یعنی اگرکوئی نیک و صالح امیر موجود نہ ہو اور معاشرے میں ہرج و مرج کا خطرہ ہوتو لوگوں کو ناصالح امیر کی حکومت کو بھی قبول کرنا چاہیے۔ قابل  توجہ نکتہ یہ ہے کہ خوارج جو حکومت مخالف تھے جب حروراء نامی جگے پر پہنچے تو انہوں نے سب سے پہلا جو کام انجام دیا وہ یہ تھا کہ انہوں نے حکومتی عہدوں کو  تقسیم کیا اور ہر  عہدے کے لئے الگ الگ مسئول مقرر کیا ۔

امامت کی ذمہ داریوں میں سے ایک اسلامی  معاشرے  کی سیاسی رہبری ہے جس پر تمام مذاہب اسلامی کا اتفاق ہے ۔اسی طرح اسلامی معاشرے میں نظم و ضبط اور امن و امان کا قیام،فتنوں اور شورشوں کی سرکوبی،دشمنوں سے جنگ ، حدود  الہیٰ  کانفاذ کرنا اور معاشرے میں عدل و انصاف قائم کرنا وغیرہ امامت  کےمختلف سیاسی پہلو ہیں ۔5متکلمین کی طرف سےامامت کی جو مشہور تعریف بیان ہوئی ہے اس  میں بھی سیاسی  امامت مراد ہے ۔ مثلا یہ تعریف کہ  امامت سے مراد اسلامی معاشرے کےدینی اور دنیوی امور میں  لوگوں کی رہبر ی کرنا ہے {الامامة رئاسة عامة فی امور الدین و الدنیا}۔امام رضا علیہ السلام امامت کے بارےمیں فرماتے ہیں :{ان الامامة زمام الدین ، و نظام المسلمین، و صلاح الدنیا و عز المومنین ، ان الامامةأس الاسلام النامی و فرعة السامی ، بالامام تمام الصلاة و الزکاة و الصیام و الحج و الجهاد و توفیر الفئ و الصدقات و امضاء الحدود و الاحکام و منع الثغور و الاطراف .الامام یحل حلال الله و یحرم حرام الله و یقیم حدود الله و یذب عن دین الله و یدعو الی سبیل ربه بالحکمة و الموعظة الحسنة و الحجة البالغة}6امامت زمام دین اور نظام مسلمین ہے اور اس میں امور دنیا کی درستی اور مومنین کی عزت ہے ۔امامت اسلام کی مضبوط بنیاد  اوراس کی بلند شاخ ہے۔امام ہی سےنماز،زکوۃ،روزہ،حج وجہاد کا مل ہوتےہیں ۔وہی مال غنیمت کا مالک ،صدقات کا وارث ،حدود و احکام کا جاری کرنے والااور اسلامی سرحدوں کی حفاظت کرنے والا ہے ۔امام حلال خدا کو حلال اور حرام خدا کو حرام قرار دیتاہے ۔وہ حدود  الہیٰ  کو قائم کرتا ہے اور دشمنوں کو دین خدا سے دور کرتا ہےنیز لوگوں کو دین خدا کی طرف حکمت اور عمدہ نصیحت کےذریعے بلاتا ہے۔ وہ خدا کی طرف سے کامل حجت ہے ۔

مذکورہ مباحث سےواضح ہو تا ہے کہ امام کی ذمہ داری صرف  اسلامی معاشرے کی سیاسی رہبری اورمسلمانوں کے امور کو نمٹانانہیں  بلکہ  اسلامی معاشرے کےمعنوی اور دینی مصالح کی بجا آوری بھی اما م ہی  کی ذمہ داری میں شامل ہے۔مذکورہ بالا نکات پر شیعہ و سنی دونوں متفق ہیں ۔بعبارت دیگر کسی مذہب کے نزدیک بھی دین سیاست سے جدا نہیں ہے ۔شیعوں کے نزدیک سیاسی رہبری کا بہترین نمونہ اس وقت کامل ہو تا ہے جب امامت کے دوسرےپہلو بھی موجود ہوں۔ بنابریں  امام  وہ ہے جو پیغمبر اسلامصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد خدا کی طرف سے لوگوں پر حجت ،ہادی او ر ان کا رہنما ہو جو مسلمانوں کے امور کی باگ ڈور سنبھالےنیز پیغمبر اسلامصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کی وجہ سے معاشرے میں واقع ہونے والے شگاف کو بھی پر کرے۔پس ان عالی ترین مقاصد تک رسائی حضرت علی علیہ السلام جیسی شخصیات کےبغیر  حاصل نہیں ہو سکتی جنہیں  خداوند متعال نے جان ونفس پیغمبرصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قراردیا ہے ۔

پیغمبر اسلامصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معروف حدیث {من مات و لم یعرف امام زمانه مات میتة جاهلیة}7 {اگر کوئی وقت کےامام کی معرفت کےبغیرمر جائے وہ جاہلیت کی موت مرتاہے ۔} سےواضح ہوتا ہےکہ امامت صرف سیاسی جہت نہیں رکھتی کیونکہ معاشرےکے سیاسی رہبر کی عدم شناخت اور جاہلیت کی موت کے درمیان کوئی تلازم نہیں پایا جاتا ۔ اگر کوئی شخص کسی دور درازمقام پر زندگی گزار  رہا ہو  اور اسے اسلامی معاشرے کے سیاسی رہبر کے بارےمیں کوئی علم نہ ہو لیکن احکام دینی کو جانتا ہو اور وہ اس پر عمل  کرتا ہو تواس شخص کے بارے میں ہر گز یہ  نہیں کہاجا سکتا  کہ یہ شخص جاہلیت کی موت مرے گا ۔ بنابریں اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ امام ایک ایسے مقام و منزلت پر فائز ہے جوہدایت و گمراہی اور ایمان و کفر کا معیار ہے ۔

4۔ باطنی ہدایت

امامت کے مختلف   مراتب میں سے ایک اس کا عرفانی اور معنوی پہلو بھی ہے ۔ امامت کا یہ مرتبہ نبوت و رسالت سے بھی بالاتر ہے کیونکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام مقام نبوت و رسالت  کے بعد ہی مقام امامت پرفائز ہوئے جیسا کہ ارشاد ہوتاہے :{ وَ إِذِ ابْتَلىَ إِبْرَاهِمَ رَبُّهُ بِكلَمَاتٍ فَأَتَمَّهُنَّ  قَالَ إِنىّ‏ جَاعِلُكَ لِلنَّاسِ إِمَامًا}8اور اس وقت کو یاد کرو جب خدا نے چند کلمات کے ذریعے ابراہیم کا امتحان لیا اور اس نے انہیں پورا کر دیا تو خدا نے کہا: ہم تجھے لوگوں کا امام اور قائد بنا رہے ہیں ۔ البتہ مقام امامت کا مقام نبوت اورسالت سےبالاتر ہونےکا لازمہ یہ نہیں کہ امام کا مقام پیغمبر کےمقام سے بھی بالاتر ہو کیونکہ ممکن ہے کہ ایک شخص پیغمبر بھی  ہو اور امام بھی  ،جس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام نبی بھی تھے اور امام بھی

اما م رضاعلیہ السلام ایک مفصل حدیث میں امامت کی حقیقت اور اس کے اہداف نیز امام کی خصوصیات اور مقام و منزلت بیان فرماتے ہیں : کیا لوگ امامت اورمقام امامت کی قدر کو پہچانتے ہیں ؟کیا ان کو اس کے متعلق اختیار دیا گیا ہے ؟امامت منزلت کے لحاظ سے بہت ہی بلند و برتر ہےاور شان کے اعتبار سے بھی بہت عظیم نیز ان کا  محل و مقام بھی بہت بلند ہے اور اپنی طرف غیر کے آنے سےبھی مانع ہے اور اس کا مفہوم بہت ہی گہرا ہے ۔لوگوں کی عقلیں اس تک پہنچ نہیں سکتیں اور ان کی راہیں اس کو پا نہیں سکتیں۔ وہ اپنے اختیار سے اپنے امام کو نہیں بنا سکتے ۔خداوند متعال نے ابراہیم خلیلؑ کو امامت سے سرفراز کیا۔نبوت اور خُلّت کے بعد امامت کا مرتبہ ہے ۔خدا نے ابراہیم کو اس کا شرف بخشا اور اس کا یوں ذکر کیا :{ إِنىّ‏ جَاعِلُكَ لِلنَّاسِ إِمَامًا}میں تم کو لوگوں کا امام بنانے والا ہوں۔  حضرت ابراہیم علیہ السلام نے خوش ہوکر کہا:اورکیاتو میری اولاد کو بھی امام بنائےگا؟اللہ نے فرمایا:{ لَا يَنَالُ عَهْدِى الظَّالِمِين}ظالم لوگ میرے عہدکو نہ پا سکیں گے۔اس آیت نے قیامت تک ہر ظالم کی امامت کو باطل کر دیا   ۔امام  محمدباقر علیہ السلام ایک حدیث میں فرماتےہیں :{لنور الامام فی قلوب المومنین انورمن الشمس المضیئة بالنهار}9مومنین کےدلوںمیں امام  کا جو نورہے وہ نصف النہار کے سورج سےزیادہ روشن ہوتا ہے۔

نتیجہ بحث:

شیعہ اور اہل سنت کے درمیان امامت کی ضرورت اور اس کے وجوب کے بارے میں کوئی اختلاف نہیں ہے البتہ شیعہ امامت  کے وجوب کو دلیل عقلی سے جبکہ اہل سنت اسےدلیل نقلی سے ثابت کرتے ہیں ۔ اہل سنت کے نزدیک اگرچہ منصب امامت پیغمبر اسلامصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خلافت و جانشینی ہے لیکن  ان کے عقیدہ کے مطابق مسلمانوں کو آپس میں مل بیٹھ کر مشاورت کے ذریعے اس بارے میں فیصلہ کرنا چاہیے اور ایسے فرد کو امام  منتخب کرنا چاہیے جو اسلامی معاشرے کی ضرورتوں کو پورا کر سکتا ہو اس کے برعکس شیعہ امامت کو کار نبوت و رسالت کا استمرار و تسلسل سمجھتا ہے اور اسے مسئلہ  الہیٰ   قرار دیتا ہے۔

امام فضائل اخلاقی اور کمالات نفسانی کےلحاظ سے بلندمقام پرفائزہوتا ہے ۔وہ چمکتےہوئے سورج کے مانند ہے جس پر ہر کسی کی نظرہوتی ہے اور انسان انہیں کی وساطت سے انسانیت اور فلاح کےراستےکو پہچان سکتا ہے۔ لوگ انہیں  نفس کی تربیت کرنےاورفضائل اخلاقی کسب کرنے نیزرذائل اخلاقی کودور کرنے کے لئے نمونہ قراد دے سکتے ہیں  ۔ آیت اکمال، حدیث مدینۃ العلم اور وہ روایات جو حضرت علی علیہ السلام کےوسیع علم  پر  دلالت کرتی ہیں  اس حقیقت کو بیان کرتی ہیں کہ امامت کے پہلووٴں میں سے ایک مسلمانوں کو معارف و احکام  الہیٰ  کی تعلیم دینا ہے جبکہ حضرت علی علیہ السلام نے بعض معارف و احکام  الہیٰ  کو بیان فرمایا ہے اور بعض معارف و احکام  الہیٰ  کو دوسرے ائمہ اطہار علیہم السلام کے سپرد کیا  ہے ۔ امامت کی ذمہ داریوں میں سے ایک اسلامی  معاشرے  کی سیاسی رہبری ہے جس پر تمام مذاہب اسلامی کا اتفاق ہے۔اسی طرح اسلامی معاشرے میں نظم و ضبط اور امن و امان کا قیام،فتنوں اور شورشوں کی سرکوبی،دشمنوں سے جنگ ، حدود  الہیٰ  کانفاذ کرنا اور معاشرے میں عدل و انصاف قائم کرنا وغیرہ امامت  کےمختلف سیاسی پہلو ہیں ۔ بنابرین امام کی ذمہ داری صرف  اسلامی معاشرے کی سیاسی رہبری اورمسلمانوں کے امور کو نمٹانانہیں  بلکہ  اسلامی معاشرے کےمعنوی اور دینی مصالح کی بجا آوری بھی اما م ہی  کی ذمہ داری میں شامل ہے۔ امامت کے مختلف   مراتب میں سے ایک اس کا عرفانی اور معنوی پہلو بھی ہے ۔ امامت کا یہ مرتبہ نبوت و رسالت سے بھی بالاتر ہے۔ بنابریں امام کی باطنی ہدایت  ایصال الی الطریق نہیں ہوتی بلکہ ایصال الی المطلوب ہوتی ہے، یعنی  امام صرف راستہ نہیں دکھاتابلکہ  منزل تک پہنچاتا ہے ۔

حوالہ جات:

۱۔ اصول کافی ،ج1 ،ص 155۔ باب نادر فی جامع فضل الامام و صفاتہ۔

۲۔نہج البلاغہ، نامہ 45۔

3 ۔المستدرک،ج3،ص 127۔ البدایۃ و النہایۃ ،ج7،ص359۔

۴۔ شرح المواقف، ج8،ص346۔شرح المقاصد،ج5،ص233۔

۵۔ اصول کافی،ج1، کتاب الحجہ ،باب جامع فی فضل الامام۔

۶۔ شرح المقاصد ،ج5،ص 239۔شرح العقائد النسفیہ،ص110۔

۷۔ بقرۃ،144۔

۸۔ اصول کافی،ج1 ،کتاب الحجۃ،باب فی فضل الامام ،ص 154۔

۹۔اصول کافی ،ج1 ،کتاب الحجۃ ،ص 150،باب ان الائمۃ نور اللہ عزوجل 

 

این مطلب بدون برچسب می باشد.

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

دیدگاهتان را بنویسید

نشانی ایمیل شما منتشر نخواهد شد. بخش‌های موردنیاز علامت‌گذاری شده‌اند *