حزب اللہ کے پاس موجود دفاعی وسائل غاصب صیہونی حکومت کو ختم کرنے کیلئے کافی ہیں، حسن نصراللہ

 حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ شام میں ترکی اور سعودی عرب کی سازش ناکام ہوگئی ہے۔ العالم کی رپورٹ کے مطابق سید حسن نصراللہ نے مزاحمت کے رہنماؤں شیخ راغب حرب، عباس موسوی اور عماد مغنیہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہونے والے پروگرام میں کہا کہ شام کے کینہ توز دشمنوں نے علاقے میں جنگ کے شعلے بھڑکانے کے لئے خود کو تیار کر لیا ہے، لیکن وہ اس ملک کے بحران کے سیاسی حل کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ترکی کی پے در پے شکستوں نے انہیں بین الاقوامی اتحاد کے پرچم تلے داعش کا مقابلہ کرنے کے بہانے زمینی فوج شام بھیجنے کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ ہم کسی بھی باغی اور سرکش کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ شام پر قبضہ کر لے اور اسرائیل کو بھی اپنے خواب پورے کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔