ماں تجھے سلام!

ماں تجھے سلام!
تحریر: ایس ایم شاہ
عشق و محبت کی مجسم تصویر کا نام، ایثار کے آخری درجے کا نام، ہر وقت بچوں کے گرد گھومتے رہنے والے پروانے کا نام، فداکاری کے آخری زینے کا نام، کائنات کے سب سے حسین رشتے کا نام، گھر کے جملہ امور کے محور کا نام، دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی کے رموز کا نام، اپنی اولاد کو جینے کا سلیقہ سکھانے والی کا نام، اولاد کی خاطر اپنی جان کی بازی لگانے والی کا نام، خود بھوکی رہ کے بچوں کی بھوک مٹانے والی کا نام، خود پیاسی رہ کر بچوں کو سیراب کرنے والی کا نام، اپنا سب کچھ لٹا کے اولاد کو بچانے والی کا نام، اپنی انا کو مٹا کر بھرپور طریقے سے بچے کی خودی کو پروان چڑھانے والی کا نام، خود تمام تر سختیاں جھیل کر بچے کو ہر قسم کی آسائش فراہم کرنے والی کا نام، نو ماہ تک بچے کو اپنی پیٹ میں پروان چڑھانے والی کا نام، دو سال تک اپنے سینے سے بچے کو سیراب کرنے والی کا نام، بچے کو اٹھنے بیٹھنے اور کھانے پینے کے آداب سکھانے والی کا نام، بچے کو چال چلن اور اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا ہنر سکھانے والی کا نام، بے زبان بچے کو بولنے کا سلیقہ سکھانے والی کا نام اور ناتوان بچے کو طاقتور بنانے والی فداکار ہستی کا نام "ماں” ہے۔ ماں تجھے سلام!