اسلام کی حقانیت اور اہل بیت علیہم السلام کی پہچان کا دن،عید مباہلہ

اسلام کی حقانیت اور اہل بیت علیہم السلام کی پہچان کا دن،عید مباہلہ

تحریر:محمد لطیف مطہری کچوروی
مباہلہ کا لغوی معنی ایک دوسرے پر لعن و نفرین کرنے کے ہیں۔ ۱۔جبکہ اصطلاح میں مباہلہ سے مراد دو افراد یا دو گروہ جو اپنے آپ کو حق بجانب سمجھتے ہیں، دونوں ایک دوسرے کے مقابلے میں بارگاہ الہی میں دعا اور نفرین کرتے ہیں کہ خداوند متعال جھوٹے پر لعنت کرے اور جو باطل پر ہے اس پر اللہ کا غضب نازل ہو تاکہ جو حق پر ہے اسے پہچانا جائے۔۲۔
مباہلہ ایک مشہور واقعہ ہے جسے سیرت ابن اسحاق اور اور تفسیر ابن کثیر میں تفصیل سے لکھا گیا ہے۔ فتح مکہ کے بعد پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نجراں کے نصاریٰ کی طرف خط لکھا جس میں اسلام قبول کرنے کی دعوت دی۔جس میں یہ تین چیزیں شامل تھیں ۔اسلام قبول کرو، یا جزیہ ادا کرو یا جنگ کے لیے تیار ہو جاؤ۔ نصاریٰ نجراں نے اس مسئلہ پر کافی غور و فکر کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ ساٹھ افراد پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو حقیقت کو سمجھنے اور جاننے کے لئے مدینہ روانہ ہو۔نجران کا یہ قافلہ بڑی شان و شوکت اور فاخرانہ لباس پہنے مدینہ منورہ میں داخل ہوتا ہے ۔ میر کارواں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گھر کا پتہ پوچھتا ہے، معلوم ہوا کہ پیغمبر اپنی مسجد میں تشریف فرما ہیں ۔