انقلاب اسلامی اور استعماری طاقتوں کی سازشیں /تحریر: محمد حسن جمالی

11فروری 1979ء کو ایران کی سرزمین پر انقلاب اسلامی کا سورج طلوع ہوا، اسی وقت سے آج تک استعماری طاقتیں اس کے خلاف پر سر پیکار ہیں، اسے کمزور کرنے کے لئے وہ مختلف طریقوں سے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتی آئی ہیں، کیونکہ انقلاب اسلامی ان کے مفادات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ثابت ہوا ہےـ اس سے پہلے امریکہ اور اسرائیل شتر بے مہار کی طرح آزاد تھے، وہ اپنی مرضی سے پوری دنیا پر بالواسطہ یا بلاواسطہ حکمرانی کررہے تھے، وہ دنیا کے ممالک کے حکمرانوں کو ڈرا دھمکا کر بعض کو لالچ اور طمع دلاکر اپنے قبضہ قدرت میں لیتے، پھر ان ملکوں کے قیمتی زخائر سے ناجائز استفادہ کرتے، ان کے تیل، معدنیات سمیت دوسرے منافع بخش منابع کی ثروتوں کو غصب کرکے لے جاتےـ دنیا کے کسی بھی ملک میں جب وہ اپنے خلاف مزاحمت کا ذرہ برابر احساس کرتے تو فوری طوری طور پر اس ملک کے لوگوں کو آپس میں لڑاتے اور انہیں آپس میں متحد ہونے نہیں دیتے تھے۔