امام محمد تقی علیه السلام کا علمی اور سیاسی مقام و منزلت
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ترجمہ و ترتیب محسن عباس مقپون
امام محمد تقی علیه السلام کا علمی اور سیاسی مقام و منزلت
اشاریہ
ائمہ ؑ کی پاک سیرت کے مطالعے اور ان کی علمی ، سیاسی و مبارزاتی جد جہد سے معلوم ہوتا ہے کہ یہی ذوات مقدسہ علم و معرفت کا سرچشمہ اور علوم الہیہ کا خزانہ ہیں۔ جہل و گمراہی کے گھٹاٹوپ اندھیرے میں انہی ذوات مقدسہ کے نہ بجھنے والے علمی انوار کی ضوفشانیاں ہر طرف نظر آتی ہیں ۔ ائمہ ؑ میدان سیاست میں باطل قوتوں کی امیدیں خاک میں ملا کر اہل حق کو جینے کا سلیقہ سکھاتے ہیں۔
سلسلہ امامت کی نویں کڑی اور آسمان عصمت و طہارت کا گیارہواں درخشاں ستارہ حضرت امام محمد تقی علیہ السلام بھی باقی دیگر ائمہ معصومین ؑ کی مانند علمی کمالات کا حامل اور سیاسی اعلیٰ افکار کے مالک تھے۔ آپ ؑ اپنے بابا کی مظلومانہ شہادت کے بعد بچپنے میں امامت و رہبری کے منصب پر فائز ہوئے اور اپنے زمانے میں اسلامی معاشرے میں موجود تمام تر مشکلات کے باوجود اسلامی حیات بخش تمدن و ثقافت کو عام کرنے میں بہت بڑا کردار ادا کیا۔ تحریرہذا میں امام جواد علیہ السلام کی جانب سے انجام پذیر علمی و سیاسی جد و جہد پر روشنی ڈالی جائے گی تاکہ راہ امامت و ولایت پر چلنے والوں کے لیے توشہ راہ ثابت ہوجائے۔
