علی شناسی زیارت غدیر کے تناظر میں

بسم اللہ الرحمن الرحیم
علی شناسی زیارت غدیر کے تناظر میں
انتخاب و ترجمه: محسن عباس مقپون
اشاریہ
امام علی نقی علیہ السلام کا مختصر زندگی نامہ
شیعوں کے نویں امام حضرت علی بن محمد علیہ السلام ہادی النقی کے لقب سے مشہور ہیں۔آپ ؑ سنہ 212 ہجری قمری 15 ذی الحجہ کو مدینہ کے قریب "صُربا” نامی علاقے میں متولد ہوئے۔ آپؑ کے والد بزرگوار امام محمد تقی ؑ اور نہایت بافضیلت خاتون سمانہ آپؑ کی مادر گرامی ہیں۔
جب امام ہادی ؑ کی عمر مبارک آٹھ سال کی تھی سایہ پدری سر سے اٹھ گیا، آپ ؑ کے والد گرامی امام محمد تقی ؑ کی مظلومانہ شہادت کے بعد ہدایت و رہبری کی بھاری ذمہ داری آپ کے مبارک کاندھوں پر آپہنچی۔ آپ ؑ کی مدت امامت 33 تھی اس دوران آپ ؑ بنی عباس کے سات سفاک اور ظالم خلفا(مامون، معتصم، واثق، متوکل، منتصر، مستعین اور معتزۤ) کے ہم عصر رہے۔ ان جابر خلفا میں سے متوکل عباسی باقی خلفا کی بنسبت کچھ زیادہ ہی ظالم اور جابر تھے جس نے امام ہادی ؑ کے ساتھ سخت دشمنی کرنے کے علاوہ تمام اہلبیت اطہار ؑ کی شان میں گستاخی کرنے سے دریغ نہیں کیا اور چند بار شہید مظلوم امام حسینؑ کی قبر مطہر کو مسمار کیا۔تاریخی حقائق کے مطابق متوکل نے 17 دفعہ امام حسین ؑ کے مرقد مطہر کو مسمار کیا۔متوکل کے حکم پر امام علی نقی ؑ کو سنہ 243 ہجری قمری میں مدینہ سے سامرا جلا وطن کیا گیا تاکہ امام ؑ کو حکومت وقت کے زیر نظر رکھا جائے۔