قرآن کی نگاہ میں عزت

عزت کا لغوی اور اصطلاحی مفہوم
عزت کا لفظ(عزّ یعزّ) سے ثلاثی مجرد کا مصدر ہے ۔ اور قرآن میں یہ لفظ لازم اور متعدی دونوں طرح سے استعمال ہوا ہے۔ لفظ عزت کے بہت سے مشتقات ہیں اور ان تمام مشتقات کے معانی یکساں نہیں ہیں بلکہ ان میں سے کچھ تو اپنے اصلی معنی میں اور کچھ مجازی اور استعاری معانی میں استعمال ہوۓ ہيں۔اس لفظ کے اصلی معانی ڈکشنریوں میں اس طرح ملتے ہيں:«عزت کا لفظ شدت ، قدرت اور ہر اس معنی پر دلالت کرتا ہےجس میں غلبہ اور قہر پایا جاتا ہو» اسی طرح ایک اور مقام پر اس کا معنی یوں آیا ہے«عزت کی اصل قدرت، شدت اور غلبہ ہے» ۔ چونکہ شدت اور قوت میں ہمیشہ ایک طرح کی فوقیت اور برتری کا معنی پایا جاتا ہے لہذا «عزّت» کا معنی "وہ چیز کہ جس کا حصول ممکن نہ ہو” ہے۔