ہفتہ وحدت اور امت مسلمہ کے لئے کچھ قابل توجہ نکات/ تحریر : محمد حسن جمالی
مسلمانوں کی سب سے بڑی طاقت اتحاد اور سب سے بڑی کمزوری تفرقہ وانتشار ہے، آج جگہ جگہ مسلمان ظلم وستم کے نشانے پر ہیں تو بنیادی وجہ ان کا عدم اتحاد ہے، جب سے مسلمان آپس میں متحد رہنے کے بجائے تفرقے کا شکار ہوئے، مشترکات کو چھوڑ کر جزئی اختلافات کی بنیاد پر ایک دوسرے سے دور ہونے لگے پستی اور زوال ان کے مقدر کا حصہ بننا شروع ہوا، آج ہم دیکھتے ہیں کہ آپس کے اختلافات نے مسلمانوں کو ایک دوسرے کا جانی دشمن بنادیا ہے، ان میں ایک دوسرے پر کفر وشرک کے فتوے لگانے تک کی جرات پیدا کی ہے، اس صورتحال نے جہاں مسلمانوں کو کمزور سے کمزورتر بنانے میں کردار کیا وہیں یہ مسلمانوں کے دشمنوں کو اپنے ناپاک عزائم میں کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لئے بہترین معاون ومددگار ثابت ہورہی ہے، اس وقت مسلمانوں کو ہرجگہ شکست سے دوچار کرانے کے لئے دشمن جس چیز پر سب سے زیادہ سرمایہ خرچ کررہا ہے وہ ایجاد تفرقہ بین المسلمین ہے ـ
اسلام کے دشمن مسلمانوں کے درمیان اختلافات کو ہوا دے کر اپنے مفادات کے حصول میں مگن ہیں، فلسطین، شام ،عراق کشمیر سمیت تمام اسلامی ممالک میں مسلمانوں کے درمیان موجود چھوٹے چھوٹے اختلافات کو بنیاد بناکر دشمنوں نے امت مسلمہ کی جان مال اور عزت وآبرو کے ساتھ وہ کھیل کھیلا جس کی نظیر کم نظر آتی ہےـ
