انقلاب اسلامی ایران کے بنیادی اہداف رہبر معظم کی نظر میں/ تحریر سیدہ معصومہ بتول موسوی

رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کی نظر میں انقلاب اسلامی ایران کے بنیادی اہداف
تمہید:
سنہ 1978 عیسوی میں سرزمین ایران پر وقوع پذیر ہونے والے انقلاب اسلامی کی تاریخ اسلام میں مثال نہیں ملتی، کیونکہ اس انقلاب کا اصلی ہدف اور مقصد اسلامی اقدار کے نفاذ کے لئے میدان فراہم کرنا تھا، اور ایرانی قوم ان اہداف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی اس طرح حقیقی اسلامی نظام، ولایت فقیہ کی حکومت کی شکل میں پوری دنیا کے لئے ایک ماڈل کے طور پر پیش کیا گیا ، اس نظام میں انسان کےرشدوتکامل کےلئے راہیں ہموار کرنا، عدالت کا قیام اور اقربا پروری کا خاتمہ، کرامت انسانی اور تشخص کا احیاء، اسلام اور اس کے اعلی اقدار کی حاکمیت قائم کرنا، مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت جیسے اسلامی بنیادی تعلیمات پر بھر پور انداز میں عمل ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس انقلاب کے آغاز سے آج تک چار عشرے میں داخلی اور خارجی دشمنوں کی طرف سے انتہائی تخریب کارانہ سازشوں کے باوجود یہ ملک ہر میدان میں ترقی کی منازل بہ آسانی طے کررہا ہے ۔ اس مدت میں دشمن کو ہمیشہ ہزیمت اٹھانا پڑی ہے۔
شہنشاہیت کے دور حکومت میں لوگ ظالم وجابر حکمران کے ہاتھوں پس رہے تھے اور خود حکومت ایک بیگانہ طاقت کی انگلیوں پر کٹ پتلی بنی ہوئی تھی اور اس کی غلامی کا طوق اپنے گلے میں ڈالے اس کے اشاروں پہ عمل کررہی تھی۔ اس حکومت نے خود کو بیگانہ طاقت کے آگے کمزور بنا رکھا تھا، مگر دوسری طرف یہ حکومت اپنی عوام کے لئے ظلم و جبر کی تمام حدیں پارکرچکی تھی۔ حتی کہ عوام کو آزادانہ رائے استعمال کرنے کا اختیار بھی نہیں تھا، بظاہرتو ایسی حکومت چل رہی تھی کہ جس میں انتخابات کے ڈھونگ بھی رچاتے تھے، برائے نام کی اسمبلی بھی تشکیل دی جاتی تھی۔ مگر ان سب کے پیچھے ایک بیگانہ قدرت کارفرما تھی۔ ایک طرف حکومت کا یہ حال تھا تو دوسری طرف عوام کے عزم و حوصلے بلند تھے۔ ظالم حکومت کے ظلم سے عوام کے حوصلے دبنے کے بجائے مزید بلند و مضبوط ہوتے جارہے تھے۔