کراچی میں بے گناہوں کا مسلسل قتل عام
کراچی میں معصوم انسانوں کا مسلسل قتل عام سندھ حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ریاستی ادارے کالعدم دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کرنے کی بجائے ان کے خلاف کریک ڈاؤن کریں، اتوار مورخہ 27 اپریل کو کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں بشمول مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی، جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، پاکستان عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کے جعفر الحسن، سنی اتحاد کونسل کے مفتی محمد اقبال نقشبندی، پروفیسر ایاز قادری سمیت آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما مظہر جعفری نے کراچی میں جاری معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کو عالمی صیہونزم کی سازشوں کا جال قرار دیتے ہوئے ملک میں بد امنی اور دہشت گردی کے واقعات میں امریکی اور اسرائیلی مقامی ایجنٹوں کی کاروائی قرار دیا اور کہا کہ امریکی اور اسرائیلی مقامی ایجنٹ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں تک غاصب اسرائیل کی رسائی ممکن ہو سکے۔
سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین کا کہنا تھا کہ کراچی میں معصوم انسانوں کا مسلسل قتل عام سندھ حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ریاستی ادارے کالعدم دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کرنے کی بجائے ان کے خلاف کریک ڈاؤن کریں۔ رہنماؤں نے اعلان کیا کہ شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف اتوار کو کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی، حکمران عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکے ہیں، گذشتہ کئی برس سے شہر میں بے گناہ انسانوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کو کمزور کرنے اور جڑوں کو کھوکھلا کرنے کے لئے اس ملک کے عظیم سرمایے پروفیسر، اساتذہ، ڈاکٹرز، انجیئنرز، وکلاء، شعراء اور علمائے کرام سمیت خطباء کو ختم کر دیا جاتا ہے اور یہ سب کچھ بد قسمتی سے پاکستان کی سر زمین پر ہو رہا ہے اور شہر کراچی میں اس قسم کے واقعات زیادہ رونما ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے عظیم سرمایہ کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا، پاکستان کو عالمی صیہونزم کی سازشوں کا گڑھ بنا دیا گیا، امریکی اور اسرائیلی ایجنٹ دن دیہاڑے معصوم انسانوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔
این مطلب بدون برچسب می باشد.
دیدگاهتان را بنویسید